پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر و ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں اقوام متحدہ کے وفد نے کراچی کے تاریخی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کا خصوصی دورہ کیا۔
وفد میں افکے بوٹس مین، ہیڈ آف یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس پاکستان، اور عمران خان لغاری، صوبائی کوآرڈینیٹر یونائیٹڈ نیشنز ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس سندھ بھی شامل تھے۔
چرچ انتظامیہ کی خصوصی دعوت پر رومہ مشتاق مٹو، ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری برائے اقلیتی امور نے بھی اس موقع پر شرکت کی اور اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر چرچ کے معزز فادرز اور انتظامیہ نے وفد اور رومہ مشتاق مٹو کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران چرچ کے معزز فادرز نے معزز مہمانوں کو سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کی تاریخی و مذہبی اہمیت، مسیحی برادری کے لیے اس کی خدمات اور مختلف فلاحی و سماجی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
رومہ مشتاق مٹو نے اقوام متحدہ کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب احترام اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کاوشیں نہایت اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان باہمی احترام، برداشت اور مکالمے کو فروغ دے کر معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں انسانی بہبود، پائیدار ترقی، موسمیاتی چیلنجز، قدرتی آفات سے نمٹنے اور کمزور طبقات کی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت، اقوام متحدہ اور مذہبی و سماجی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون عوامی فلاح اور سماجی ترقی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔
محمد یحییٰ نے سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کے دورے اور پرتپاک استقبال پر چرچ کے فادرز، انتظامیہ اور رومہ مشتاق مٹو کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری، سماجی شمولیت اور انسانی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے وفد، رومہ مشتاق مٹو اور چرچ کے فادرز کے درمیان اقلیتوں کی فلاح و بہبود، بین المذاہب ہم آہنگی، انسانی ترقی، سماجی شمولیت اور کمیونٹی کی سطح پر تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورہ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جس میں پاکستان میں امن، رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذہبی برادریوں کے درمیان باہمی احترام و تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔