پاکستان کا پائیدار امن کیلیے خواتین کی قیادت میں مزید سرمایہ کاری پر زور

13

پاکستان نے امن و سلامتی کے شعبے میں خواتین کی قیادت اور بامعنی شرکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائیدار امن کی بنیاد کے طور پر خواتین کی قیادت میں مسلسل اور مؤثر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔

اقوام متحدہ میں ثقافتِ امن کے پروگرام آف ایکشن سے متعلق اعلیٰ سطح کے  فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سیاسی عمل میں خواتین کی مکمل اور بامعنی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا۔

سفیر عثمان جدون نے تعلیم اور انصاف تک خواتین کی بلا رکاوٹ رسائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین امن کی ایک بڑی قوت ہیں، لیکن امن کے فقدان کا سب سے بڑا خمیازہ بھی انہی کو بھگتنا پڑتا ہے۔

خواتین کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے نائب مستقل مندوب نے کہا کہ خواتین کی قیادت پائیدار اور دیرپا امن کے قیام میں نمایاں کردار ادا کرسکتی ہے۔ امن اس وقت زیادہ پائیدار ہوتا ہے جب خواتین مذاکرات کی قیادت کررہی ہوں۔

سفیر عثمان جدون نے کہا کہ سیاسی عمل کے حاشیے پر موجودگی کی صورت میں امن غیر مستحکم اور قلیل مدتی ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی خواتین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور انسانی ترقی کے تمام شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا۔

انہوں نے پاکستانی خواتین کی سیاسی قیادت، سفارت کاری، تدریس، عسکری خدمات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات کو بھی سراہا۔

فورم میں پاکستان نے حقیقی اور پائیدار امن کے حصول میں خواتین کے مرکزی کردار پر اپنے پختہ یقین کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے خواتین کی قیادت، بامعنی شرکت اور بااختیار بنانے کے لیے مسلسل اور مؤثر سرمایہ کاری پر زور دیا اور اپنے مؤقف کو دہرایا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے خواتین کی شمولیت اور قیادت کو مؤثر طور پر فروغ دینا ناگزیر ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }