سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر کو اسنادِ تقرری پیش کیں

70

سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے صدر کو اسنادِ تقرری پیش کیں۔

سفیر شفقت علی خان بیک وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور جمہوریہ آرمینیا کے لیے پاکستان کے نان ریذیڈنٹ سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

پاکستان اور آرمینیا کے تعلقات کے نئے دور کا آغاز، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق۔

یریوان:(ویب ڈیسک) جمہوریہ آرمینیا میں پاکستان کے پہلے سفیر، سفیر شفقت علی خان نے یریوان کے صدارتی محل میں منعقدہ خصوصی تقریب کے دوران آرمینیا کے صدر واہاگن کھاچاتوریان کو اپنی اسنادِ تقرری پیش کر دیں۔ یہ پیش رفت پاکستان اور آرمینیا کے سفارتی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
آرمینیا کے صدر واہاگن کھاچاتوریان نے سفیر شفقت علی خان کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور سفارتی ذمہ داریوں کی کامیاب انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر نے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
اس موقع پر سفیر شفقت علی خان نے صدر آرمینیا کو صدرِ پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے آرمینیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت، عوامی روابط اور اقتصادی تعاون کے دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
سفیر شفقت علی خان نے اپنے دورۂ یریوان کے دوران آرمینیا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تجارت ارارات مرزویان سے بھی ملاقات کی۔ آرمینیائی وزیر خارجہ نے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دوطرفہ ایجنڈے، باہمی تعاون کے نئے مواقع اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
سفیر شفقت علی خان نے آرمینیا کے نائب وزیر خارجہ مناتساکن صفاریان سے بھی ملاقات کی اور انہیں اپنی اسنادِ تقرری کی نقل پیش کی۔ نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو دونوں ممالک کی قیادت کا اہم پالیسی فیصلہ قرار دیا۔ فریقین نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
سفیر شفقت علی خان کی یریوان میں اہم ملاقاتوں اور سفارتی سرگرمیوں سے پاکستان اور آرمینیا کے تعلقات کو نئی سمت دینے اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھولنے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ سفیر شفقت علی خان بیک وقت متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر اور جمہوریہ آرمینیا کے لیے پاکستان کے نان ریذیڈنٹ سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }