اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے بیت المقدس اور مسجد اقصی میں ہونے والے واقعات پراحتجاج کیا گیا

104
متحدہ عرب امارات میں اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے بیت المقدس اور مسجد اقصی میں ہونے والے واقعات پراحتجاج کیا گیا
ابوظہبی(اردوویکلی):: وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون محترمہ ریم بنت ابراہیم الھاشمی نے متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے سفیر عامر حائیک کو طلب کیااورانہیں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں رونما ہونے والے حالیہ واقعات بشمول شہریوں پر حملوں اور مقدس مقامات پردھاوابولنے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے، پرمتحدہ عرب امارات کے شدید احتجاج اور مذمت سے آگاہ کیا۔محترمہ ریم بنت ابراہیم الھاشمی نے ان واقعات کو فوری طور پر روکنے، نمازیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے، فلسطینیوں کے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے حق کا احترام کرنے اور مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے والے کسی بھی عمل کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں، انہوں نے کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جس سے خطے میں استحکام اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ علاوہ ازیں وزیر مملکت نے بین الاقوامی قانون اور موجودہ تاریخی صورتحال کے مطابق مقدس مقامات اور اوقافات پر اردن کی ہاشمی سلطنت کے سرپرستانہ کردار کا احترام کرنے اور یروشلم انڈومنٹ ایڈمنسٹریشن اور مسجد اقصیٰ کی اتھارٹی پر کمپرومائز نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ الھاشمی نےایک مناسب ماحول کے قیام کی ضرورت پربھی زور دیا جو باضابطہ بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن اقدام کے مطابق ایک منصفانہ و جامع امن کے حصول اور دارالحکومت مشرقی بیت المقدس کے ساتھ 1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار کرے(نیوزبشکریہ وام)۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }