وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی پروگراموں میں بڑے پیمانے پر توسیع، بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کرنے اور پسماندہ علاقوں میں نئی تعلیمی سہولیات قائم کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے 14ویں اجلاس میں تعلیم کے فروغ، اسکولوں کے انفرا اسٹرکچر، سبسڈی میں اضافے اور تعلیمی معیار بہتر بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیم سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل سندھ کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔ پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا یقینی بنایا جائے اور سندھ بھر میں تعلیمی انفراسٹرکچر مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 3 ہزار 230 اسکولز اور تعلیمی مراکز قائم ہیں، جہاں 10 لاکھ 78 ہزار 252 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ فاؤنڈیشن اسسٹڈ اسکولز میں زیر تعلیم 10 لاکھ سے زائد طلبہ سبسڈی میں اضافے سے مستفید ہوں گے، جبکہ ٹی سی ایف کے تحت اداروں میں زیر تعلیم 18 ہزار سے زائد طلبہ بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں گے۔
سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی سبسڈی شرحوں میں 2021-22 کے بعد پہلی بار نظرثانی کی گئی ہے۔ اجلاس میں نظرثانی شدہ سبسڈی کی منظوری دی گئی، جس کے لیے سالانہ 7.9 ارب روپے اضافی درکار ہوں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ رقم تعلیمی معیار، سرگرمیوں کے تسلسل اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔
اجلاس میں گورنمنٹ کمیونٹی اسکولز اور نان فارمل ایجوکیشن پروگرامز کے لیے سبسڈی بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں تعلیمی سہولیات کے لیے خصوصی گرانٹ پیکیج شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بند اسکولز دوبارہ کھولنے اور سرکاری تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں میں نئے اسکول قائم کرنے کی ہدایت کی۔ بنیادی سہولیات سے محروم اسکولوں کے انفراسٹرکچر میں بہتری لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریباً 500 گورنمنٹ کمیونٹی اسکولز کو مرحلہ وار فعال کرنے کی تجویز ہے، جن میں 100 سے زائد طلبہ والے اسکولز کو ترجیح دی جائے گی۔ پیپلز اسکول ماڈل کے تحت پبلک اسکول ٹنڈو آدم کو فعال کرنے کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیمی مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، سرکاری و نجی شراکت داری اور کمیونٹی اسکولنگ کے ذریعے تعلیم کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ تعلیمی نتائج بہتر بنانے، داخلوں میں اضافہ کرنے اور اسکول سے باہر بچوں کی تعداد کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بجٹ سے متعلق تجاویز پر بھی غور کیا گیا اور طلبہ کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر مزید وسائل فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ قابل اور تربیت یافتہ اساتذہ کی بھرتی اور تعلیمی خدمات بہتر بنانے کے لیے اضافی وسائل فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔