سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا اہلکار شہید

12

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے دو اضلاع کچھی اور خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد کر کارروائی کرتے ہوئے بھاری پراکسی فتنۃ الہندوستان سے منسلک 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے منسلک دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر یکم نومبر2026 کو کارروائیاں کیں اور 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلیجینس بیسڈ کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی سے اس کو ناکام بنا دیا گیا، اس موقع پر بھارت اسپانسرڈ 17 دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جینس بیسڈ ایک اور کارروائی ضلع خاران میں کی جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو اڑا دیا گیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد مارے گئے، جو بھارتی اسپانسرڈ خوارج تھے، ان کے قبضے سے بھی اسلحہ اور بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کا 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت پائی، جن کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع کرک سے تھا۔

بیان میں بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کارروائیوں کے بعد دہشت گردوں کی موجودگی کے شبہات دور کرنے کے لیے آپریش کیا گیا۔

صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔

انہوں نے کاہ کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابل تحسین ہے۔

صدر مملکت نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کامیاب کارروائی اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بھی سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سپاہی حکمت اللّہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سپاہی حکمت اللّہ کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت نے شہید سپاہی حکمت اللّہ کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔

صدر آصف زرداری  نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا اور کہا کہ وطن عزیز سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزم استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیاں قابل فخر ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }