افغانستان کے شہر قندوز میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز کے ضلع امام صاحب کی ایک مسجد میں اس وقت دھماکا کیا گیا جب مسجد نمازیوں سے بھری ہوئی تھی۔ دھماکے میں 33 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
طالبان ترجمان نے بھی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں بچوں سمیت 33 افراد جاں بحق اور 43 زخمی ہوگئے تاہم دھماکے سے مسجد کو بھی بری طرح نقصان پہنچا اور اب تک کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ افغانستان میں مسجد میں دھماکہ، درجنوں جاں بحق و زخمی
دوسری جانب طالبان کے ترجمان ونائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ حالیہ واقعات میں ملوث شر پسند عناصر کی گرفتاری اور سزا کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی افغانستان کے 3 شہروں میں بم دھماکے ہوئے تھے جب کہ مزار شریف کی مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف شہر میں ایک مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 12 شہری جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔