نئے صوبوں کے لیے ریفرنڈم کرانا غلط ہے یہ آئینی ترمیم کا متبادل نہیں، بیرسٹر گوہر


اسلام آباد:

 

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہوسکتا، نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے۔

پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے پوری پارٹی کو تشویش ہے،عمران خان کی صحت کا معاملہ سیاست نہیں بلکہ بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے، سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد ہمارا مطالبہ ہے، بانی پی ٹی آئی کا علاج قائم میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں کرایا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کے اہل خانہ اور ذاتی معالجین کو علاج کے حوالے سے مطمئن کیا جائے، ان کے بلڈ پریشر سے متعلق رپورٹس تشویش کا باعث ہیں، ان کی صحت سے متعلق مستند میڈیکل رپورٹس سامنے آنی چاہئیں، انہیں ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں مکمل علاج فراہم کیا جائے، چیف جسٹس سے ملاقات میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی تھی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہوسکتا، نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت ضروری ہے، صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے، نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، حکومت کا مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد اپنا مؤقف دیں گے، مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی مشاورت کریں گے، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ محسن نقوی کی پی ٹی آئی سے نئے صوبوں کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، محسن نقوی کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ نہیں۔

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }