دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات سے متعلق عالمی ادارہ صحت نے ہولناک انکشاف کردیا۔
عالمی ادارہ صحت کی جاری کردہ ایک نئی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعدادرپورٹ ہونے والی تعداد سے 3 گنا زیادہ ہے۔
جنوری 2020 سے دسمبر 2021 کے آخر تک کورونا سے عالمی ادارہ صحت کو رپورٹ کی جانے والی اموات کی سرکاری تعداد تقریباً 54 لاکھ تھی۔
تاہم اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ 2021 کے آخر تک کورونا سے ایک کروڑ 49 لاکھ سے زائد اموات ہوئیں۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں ہونے والی اموات اعدادو شمار سے 10 گنا زیادہ ہیں۔ بھارت میں کورونا وائرس سے حقیقتاً 47 لاکھ اموات ہوئیں تاہم صرف پونے 5 لاکھ اموات ظاہر کی گئیں۔
صرف یہی نہیں، رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بھارت، مصر، میکسیکو اور چند دیگر ممالک میں بھی کورونا اموات کی تعداد کم بتائی گئی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب تک جن اموات کو شمار نہیں کیا گیا ان میں سے تقریباً نصف بھارت میں ہوئیں۔