افریقی ملک نائجیریا کے جنوبی ساحلی شہر پورٹ ہارکورٹ کے ایک گرجا گھر میں امدادی اشیاء کی تقسیم سے قبل بھگدڑ مچنے سے کم از کم 31 ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعہ گزشتہ روز مستحق افراد کے لیے منعقدہ ایک امدادی پروگرام کے دوران پیش آیا۔ ایک عینی شاہد کے مطابق مرنے والوں میں بچوں کی بڑی تعداد ہے جن میں ایک ماں کے پانچ بچے بھی شامل ہیں جبکہ ایک حاملہ خاتون بھی واقعے میں ہلاک ہوئی ہے۔
نائجیریا کی ریورز اسٹیٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز کنگ اسمبلی پینٹیکوسٹل نامی چرچ میں مستحق افراد کے لیے سالانہ شاپ فار فری امدادی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا۔ چرچ میں امدادی اشیاء کی تقسیم صبح نو بجے شروع ہونا تھی تاہم صبح پانچ بجے سے لوگ وہاں پہنچنا شروع ہو گئے۔
چرچ کے گیٹ بند تھے جس کے سامنے لوگ جمع تھے اس دوران دھکم پیل میں گیٹ ٹوٹ گیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ اس واقعے کی چند وڈیوز بھی منظرعام پر آئی ہیں جن میں افراتفری اور بکھرا ہوا امدادی سامان دیکھا جا سکتا ہے۔
Advertisement
نائجیریا کی نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مرنے والوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ مقامی لوگ بھی ہنگامی صورتحال میں کام کرنے والے اہلکاروں کی مدد کے لیے پہنچے۔ عینی شاہدین کے مطابق زخمیوں کو کھلے میدان میں رکھ کر طبی امداد دی گئی۔
نائجیریا کو بڑی افریقی معیشت سمجھا جاتا ہے تاہم حکومتی اعداد و شمار کے مطابق آٹھ کروڑ سے زائد عوام انتہائی غربت کا شکار ہیں۔ ملک میں اس قسم کے امدادی پروگرام منعقد ہوتے رہتے ہیں۔