نائجیریا کے شہر لاگوس میں ایک چرچ پر حملے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا اور ہسپتال ذرائع کے مطابق مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے جنوب مشرقی شہر لاگوس کے چرچ پر گزشتہ روز اس وقت حملہ کیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ عبادت کے لیے جمع تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فوری طور پر حملے کا محرک واضح نہیں ہو سکا ہے۔
اونڈو ریاست کی پولیس ترجمان فنلائیو آئبنکن اوڈنلیمی کے مطابق مسلح افراد نے آتے ہی چرچ کے باہر اور اندر اندھادھند فائرنگ شروع کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
نائجیرین صدر محمدو بوحاروی نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اس کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔ اونڈو کے گورنر اریکنرن اکیریڈولو نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت بھی کی۔
Advertisement
حملے کا نشانہ بننے والے سینٹ فرانسس کیتھولک چرچ کے ترجمان ریورینڈ آگسٹن اکوو کا کہنا ہے کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ جب عبادت جاری تھی اسی دوران مسلح افراد نے چرچ میں گھس کر بہت سے لوگوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا اور چرچ کے بے حرمتی کی۔
روئٹرز نے اووو ہسپتال کے ایک ڈاکٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم از کم 50 افراد کی لاشیں ہسپتال میں لائی گئی ہیں۔ ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں زخمیوں کے علاج کے لیے خون اور چندے کی بھی ضرورت ہے۔
نائجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں مذہبی عسکریت پسند موجود ہیں جو اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں تاہم شمال مشرقی علاقے میں اس قسم کے حملے بہت کم ہیں۔