فلسطین کے علاقے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں غاصب اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا یہ واقعہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں پیش آیا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 25 سالہ محمد عزیز کو سینے پر گولی لگی جبکہ 28 سالہ عبدالرحمان کو سر میں گولی لگی جس کے نتیجے میں دونوں نوجوان موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اس واقعے کے بارے میں اسرائیلی فوج کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس میں ایک سرچ آپریشن کیا جارہا تھا جہاں دو مشکوک افراد اور فوج کے درمیان فائرنگ ہوئی۔ تاہم بیان میں اسرائیلی فوج نے کسی جانی نقصان کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔
Advertisement
رواں برس مارچ کے مہینے سے اب تک 52 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر مغربی کنارے میں ہونے والے فائرنگ کے واقعات میں شہید ہوئے ہیں۔ ان افراد میں ایک امریکی شہریت کی حامل الجزیرہ نیوز چینل سے وابستہ صحافی شیریں ابو عاقلہ بھی شامل ہیں جنہیں اسرائیلی فوج نے آپریشن کی کوریج کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
اسرائیلی فوج تقریباً ہر روز مغربی کنارے میں اس طرح کے سرچ آپریشن لانچ کرتی ہے۔
Advertisement