آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف جیت سے بھارت کو فائدہ
روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں شکست دے کر آئی سی سی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی کامیابی کا فائدہ بھارتی ٹیم کو ہوگا جب کہ بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 1-2 سے بھی کامیابی حاصل کی ہے۔
اس لحاظ سے بھارتی ٹیم کے لیے یہ جیت انتہائی اہم تھی جب کہ بھارت نے 9 سال بعد آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دی ہے۔
سیریز میں جیت اور پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف فتح نے بھارتی ٹیم کو اپنا پہلا مقام مضبوط کرنے میں مددی کی ہے جب کہ بھارتی ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ایک پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 268 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
اسی کے ساتھ ہی بھارت نے دوسرے مقام پر قابض انگلینڈ سے 7 پوائنٹس کی سبقت حاصل کرلی ہے جب کہ انگلینڈ کے اس وقت 261 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔
Advertisement
پاکستان کی جیت سے بھارت کو کیا فائدہ پہنچا؟
پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اس ہار کا فائدہ بھارتی ٹیم کو پہنچا اور رینکنگ میں ٹاپ پر قابض بھارتی ٹیم کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جارہی ہے، فی الحال یہ سیریز 2-2 سے برابر ہے۔
دوسری جانب عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف سیریز ہارنے سے نقصان ہوا ہے اور اس کا ایک ریٹنگ پوائنٹ کم ہوا ہے جب کہ 250 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کی ٹیم چھٹے نمبر پر موجود ہے۔
تاہم ابھی آسٹریلیا کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی سیریز کھیلنی ہے جب کہ پاکستان ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 258 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
اگر پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف بقیہ تین میچز میں کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو انگلینڈ سے دوسرا مقام چھین لے گی ، وہیں اگر انگلینڈ ٹیم باقی تین میچز میں سے کوئی بھی ایک میچ جیت لیتی ہے تو اس کا دوسرا مقام برقرار رہے گا۔
Advertisement