وارث شاہ کے مزار پر ہیریٹیج اینڈ کلچرل گیلری قائم

13

پنجاب کے معروف صوفی شاعر سید وارث شاہ کی جائے پیدائش جنڈ یالہ شیر خان، شیخوپورہ میں ان کے نام سے نئی ہیریٹیج اینڈ کلچرل گیلری قائم کر دی گئی۔ گیلری کا مقصد سید وارث شاہ کی ادبی و صوفیانہ خدمات، شیخوپورہ کے تاریخی ورثے اور پنجاب کی ثقافتی روایات کو نئی نسل سے متعارف کروانا ہے۔

سید وارث شاہ 1722ء میں جنڈ یالہ شیر خان، شیخوپورہ میں پیدا ہوئے۔ گیلری میں شیخوپورہ کے تاریخی مقامات اور ثقافت کے ساتھ سید وارث شاہ کی شہر سے وابستگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ گیلری جنڈ یالہ شیر خان قلعہ میں قائم کی گئی ہے، جہاں پرانی لائبریری کی عمارت کو بھی اس مقصد کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

نئی گیلری میں دو گیلریاں اور ایک مرکزی ہال شامل ہیں۔ ایک گیلری میں شیخوپورہ کے تاریخی ورثے سے متعلق تقریباً 20 تصاویر جبکہ دوسری میں شیخوپورہ کی ثقافت اور وارث شاہ کی’’ہیر‘‘ میں بیان کردہ ثقافتی عناصر کی تقریباً 15 تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔

مرکزی ہال میں سید وارث شاہ کی ایک بڑی پینٹنگ کے ساتھ ایل سی ڈی نصب کی گئی ہے، جس پر محکمہ اوقاف کی جانب سے شیخوپورہ اور سیدوارث شاہ کی ’’ہیر‘‘ سے متعلق دستاویزی فلم دکھائی جائے گی۔ گیلری میں ’’ہیر‘‘ میں بیان ہونے والی اشیا اور اس دور کے ثقافتی سامان کو بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، جن میں تاوا، گھڑا، ترازو، کمان اور چھابڑی سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔

گیلری میں سید وارث شاہ کے شجرہ نسب، ان کے دور کے سکوں اور لباس سے متعلق مواد بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ ’’ہیر‘‘ کے کرداروں اور واقعات کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ پنجاب کی تاریخی و ثقافتی زندگی، روایتی اوزار، چرخہ اور حقہ کلچر بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

گیلری میں سید وارث شاہ کی شاعری اور صوفیانہ فکر کو اجاگر کرنے کے لیے آڈیو ویژول سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ وارث شاہ کے مشکل پنجابی الفاظ کے اردو اور انگریزی تراجم کے لیے ڈیجیٹل ڈکشنری اور تحقیق و تعلیم کے لیے ریسرچ سینٹر کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

مقامی سطح پر گیلری کو شیخوپورہ کی شناخت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ سید وارث شاہ کی جائے پیدائش، جنڈ یالہ شیر خان کا تاریخی قلعہ اور حویلی علاقے کی تاریخ اور ثقافت کا اہم حصہ ہیں، جن کے تحفظ سے نئی نسل کو اپنے ادبی ورثے سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

گیلری کو مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔ شیخوپورہ لاہور سے تقریباً 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور جنڈ یالہ شیر خان کو ننکانہ صاحب اور کرتارپور کے ساتھ ثقافتی و ورثہ سیاحتی روٹ سے منسلک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

وارث شاہ کی ’’ہیر‘‘ میں امن، برداشت، عورت کے احترام، سماجی ناانصافی اور ذات پات سمیت مختلف معاشرتی موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ گیلری میں سید وارث شاہ کی فکر اور شاعری کے ذریعے ان اقدار کو نئی نسل تک پہنچانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }