عمر اکمل نے قومی ٹیم میں واپسی کی آس چھوڑی نہیں ہے۔ مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ میں سخت محنت کررہا ہوں موقع ملا تو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ کبھی ملک سے باہر سے سکونت اختیار کرنے کا سوچا نہیں پاکستان نے پہچان دی اسی کے لیے کھیلوں گا۔
تفصیلات کے مطابق 2009 میں اپنے کیرئیر کی ابتداء کرنے والے عمر اکمل ڈسپلن سمیت کئی مسائل کے سبب قومی ٹیم میں جگہ بنانے سے قاصر رہے۔ تاہم، قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی کی امید اب برقرار ہے۔ مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا ہے کہ کراچی میں جاری رمضان کرکٹ میں اپنا نیچرل گیم کھیل رہا ہوں جیسی توقعات تھیں ویسا پرفارم نہیں کرسکا۔ مشکل دنوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے بہت ساتھ دیا ان کی وجہ سے پی ایس ایل کا حصہ بن سکا۔ کوچ معین خان کا احسان کبھی بھلا نہیں سکتا۔ سخت محنت کررہا ہوں اور ٹیم میں شمولیت کا خواہشمند ہوں۔
بھارتی کھلاڑیوں کے تذکرے پر ان کا کہناتھا کہ بورڈ ان کا ساتھ دیتا ہے۔ میرے خیال میں مینجمنٹ تبدیل ہو بھی جائے تو کھلاڑی کی ذاتی زندگی کے بجائے کارکردگی دیکھنی چاہئیے۔ امریکا مہں سکونت اختیار کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ مستقبل قریب میں نہیں ہے۔