لاہور میں 5 سال بعد پہلی بار اکتوبر میں اے کیو آئی 300 سے زیادہ نہیں ہوا، مریم اورنگزیب

13

لاہور:

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اکتوبر 2026 میں لاہور کی فضائی آلودگی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ پانچ سال میں پہلی مرتبہ کوئی دن ایسا نہیں گزرا جب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 300 سے تجاوز کر گیا ہو۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فضائی آلودگی ایک سنگین عوامی صحت کا مسئلہ ہے، اسموگ کا جائزہ سائنسی حقائق اور مستند اعدادوشمار کی روشنی میں لینا ضروری ہے۔ فضائی آلودگی کی شدت کا تعین صرف سیٹلائٹ تصاویر یا آگ لگنے کے واقعات گن کر نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ناسا کا فائر ڈیٹیکشن سسٹم حرارتی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتا ہے، تاہم ہر نشاندہی کو الگ آگ کا واقعہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اسی طرح سرحد کے دونوں اطراف آگ لگنے کے واقعات کی تعداد سے فضائی آلودگی کی شدت کا درست اندازہ لگانا ممکن نہیں۔

مریم اورنگزیب کے مطابق لاہور کی فضائی آلودگی میں ہوا کی سمت، درجہ حرارت اور موسمی حالات بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ سردیوں میں آلودگی زمین کے قریب جمع ہونے سے اسموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اکتوبر 2025 میں لاہور میں PM2.5 کی اوسط شرح 136.3 مائیکروگرام تھی جو اکتوبر 2026 میں کم ہوکر 100.1 مائیکروگرام رہ گئی، اس طرح اوسط آلودگی میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو کے مطابق لاہور کے 26 مانیٹرنگ مقامات پر بھی فضائی آلودگی میں کمی دیکھی گئی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ کے اعدادوشمار کے مطابق فضائی آلودگی کے چھ بڑے اشاریوں میں مجموعی طور پر 15 فیصد بہتری آئی جبکہ اکتوبر 2026 میں لاہور کی آلودگی کی بلند ترین AQI سطح میں بھی 28 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر 2025 میں لاہور میں AQI 300 سے زیادہ کے چار خطرناک دن ریکارڈ کیے گئے تھے، تاہم اکتوبر 2026 میں ایسا کوئی دن سامنے نہیں آیا۔ اکتوبر 2023 کے بعد رواں سال اکتوبر لاہور کا صاف ترین مہینہ قرار پایا ہے۔

مریم اورنگزیب نے واضح کیا کہ موسمی حالات بھی فضائی آلودگی پر اثرانداز ہوتے ہیں، اس لیے ہر بہتری کا کریڈٹ صرف حکومتی پالیسیوں کو دینا درست نہیں۔ فضائی آلودگی میں بہتری کے اعدادوشمار کا آزادانہ جائزہ اور شفاف مانیٹرنگ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند فضا کی فراہمی تک حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }