فضائی آلودگی کی خطرناک صورتحال، لاہور سمیت پنجاب کے متعدد شہر زہریلی دھند کی لپیٹ میں

6

لاہور:

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورت اختیار کرلی، صبح 7 بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 337 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہر کی فضا انتہائی مضر صحت قرار دی گئی ہے۔

اے کیو آئی پنجاب کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز اسی وقت فضائی آلودگی کی شرح 472 تھی، جس میں ایک روز کے دوران 135 پوائنٹس کی کمی ہوئی، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح اب بھی تشویشناک ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ملتان، اوکاڑہ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور وہاڑی میں ایئر کوالٹی انڈیکس 500 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ننکانہ صاحب میں 493 اور رحیم یار خان میں 464 کی سطح پر رہا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی بلند شرح ریکارڈ کی گئی۔ ملتان روڈ پر اے کیو آئی 500، جی ٹی روڈ پر 446، برکی روڈ پیراگون میں 390، سفاری پارک میں 354، گلبرگ تھری میں 349، ایجرٹن روڈ پر 346 اور شاہدرہ میں 341 ریکارڈ کیا گیا۔ سی ای آر پی آفس کے مانیٹرنگ اسٹیشن پر آلودگی کی شرح 575 تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب عالمی فضائی آلودگی کے اعداد و شمار جاری کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور 289 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے بڑے آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر رہا، جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 232 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید تشویشناک ہے، جہاں آئی کیو ایئر کے مطابق ملتان 1026 اے کیو آئی کے ساتھ ملک کا آلودہ ترین شہر بن گیا۔ بہاولپور میں 700 اور فیصل آباد میں 463 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق فضائی آلودگی کی اس سطح پر شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }