ایک مسلمان کے ہاتھوں شردھانند کا قتل ہندو مسلم اتحاد کیلئے تباہ کن ثابت ہوا

8

قسط نمبر۔5

جنگِ عظیم اوّل کے اختتام پر حقیقت میں دنیا بالکل تبدیل ہو چکی تھی۔ دنیا کی تین بڑی سلطنتیں یعنی آسٹریا ہنگری ، سلطنت ِ عثمانیہ اور زار روس کی سلطنت ختم ہو گئی اِن سلطنتوں کے علاقے اور مقبوضات فاتحین اتحادیوں نے آپس میں تقسیم کر لیے۔ یورپ میں جنگ کے اختتام پر تین سلطنتوں کے یہ خاندان جن کی آپس میں رشتہ داریاں تھیں وہ تباہ ہو گئے۔

زار روس کے آخری بادشاہ نکولس دوئم کو روس کے کیمونسٹ انقلاب کے کچھ عرصے بعد خاندان سمیت قتل کر دیا گیا۔ باقی دو سلطنتوں کے شاہی خاندانوں نے برطانیہ اٹلی اور دیگر ملکوں میں رہائش اختیار کر لی تھی۔ اس جنگ میںلڑاکا طیاروں، ٹینکوں ، توپوں اور مشین گنوں نے اہم کر داراداکیا تھا اور اسلحہ گولہ بارود خصوصاً بڑی جنگی مشینیں یعنی طیارہ بردار بحری جہاز ، جدید لڑاکا طیارے ،ٹینک اور جدید توپوں کی انڈسٹری تیزی سے ترقی کر نے لگی تھی۔

برطانیہ ، فرانس ، سوویت یونین ،امریکہ اسلحہ اور ہتھیاروں کی صنعت میں ایک دوسرے سبقت سے لے جا نے کی کوششوں میںمصروف تھے۔ جنگ کی وجہ سے مالی اقتصادی طورپر شکست خوردہ اور فاتحین دونو ں ممالک شدید متاثر ہو ئے تھے۔ 1926 ء سے 1929 تک کا دور تاریخی اہمیت کا حامل تھا اس دوران عالمی سطح پر جو اہم واقعات رونما ہو ئے، اِن میں 1926 ء برطانیہ میں ہو نے والی تاریخ کی بڑی ہڑتال تھی۔

دیکھا جائے تو اس کی وجوہات بھی جنگ عظیم اوّل کی وجہ سے پیدا ہو نے والی مہنگا ئی افراطِ زر، غربت افلاس اور بے روزگاری تھی جس نے صنعتی مزدوروں کان کنوں اور اِن کے خاندانوں کو بری طرح متا ثر کیا تھا۔ برطانیہ کی اس عظیم ہڑتال میں لاکھوں مزدوروں نے حصہ لیا تھا ہڑتال کافی عرصے تک جاری رہی اس کے اقتصادی سیاسی اثرات برصغیر پر بھی مرتب ہو ئے تھے جہاں کچھ عرصہ پہلے ہی انگریز سرکار نے ٹریڈ یونین کے قوانین متعارف کرائے تھے۔

جاپان کے شہنشاہ ہیرو ہیتو اپنے والد کہ وفات کے بعد 25 دسمبر 1926 ء کو جاپان کے 124 ویں شہنشاہ بنے۔ اِن کی تخت نشینی کے ساتھ ہی،، شواہ،،Showa دور کا آغاز ہو ا اس اصطلاح کی تعریف یا مطلب ،، روشن امن ،، ِ یا دانشمندانہ ہم آہنگی ہے۔ ،جاپانی روایت کے مطابق اُنہیں،، شہنشاہ شواہ،، کا نام دیا گیا اِ ن کی باقاعدہ تاج پوشی دسمبر1926 ء کو ہوئی ۔1927 ء کو دنیا کا اہم ترین واقعہ یہ تھا کہ اس سال بولتی فلموں کا آغاز ہوا اور خاموش فلموں کادور ختم ہو گیا۔ ہالی ووڈ نے پہلی بولتی فلم ) The Jazz Singer ) جاز سنگر بنائی یہ فلم 6 اکتوبر 1927 ء کو ریلیز ہو ئی ، واضح رہے کہ عوامی ریڈیو کا آغاز 1920 ء کی دہائی سے ہوچکا تھا۔ British Broadcasting Company- BBC نے 1922 ء میں لندن سے اپنی نشریات شروع کر دیں تھیں۔ ہندوستان میں بھی ریڈیو کی ابتدائی نشریات1923 ء سے شروع ہو گئی تھیں۔

1927 ہی میں دنیا میں پہلی بار امریکی پائلٹ چارلس لینڈبرگ نے اکیلے اور بغیر کہیں رکے امریکہ سے یورپ تک جہاز اڑایا یعنی نیویاک سے پیرس تک سفر کیا ۔ واضح رہے کی بر طانیہ کے دو پائلٹوں نے اپریل 1929 ء میں بغیر کہیں رکے انڈیا تک سفر کیا تھا۔ یہ بھی واضح رہے کہ ہندوستان کا پہلا انٹر نیشنل ایئر پورٹ کرا چی بنا تھا جہاں اس طیارے نے لینڈنگ کی تھی۔ 1927 ء ہی میں چین میں خانہ جنگی کا آغاز ہوا۔ یہ خانہ جنگی نیشنلسٹ ( کومنتانگ پارٹی ) اور ماوزئے تنگ کی کیمو نسٹ پارٹی کے حامیوں کے درمیان شروع ہو ئی۔ شدید لڑائی کئی سال جاری رہی۔ پہلی جنگ ِ عظیم کے آخری دنوں میں ہی حجاز مقدس میں شریف مکہ کی حکومت بنائی گئی تھی۔ 1928 ء میں انسانی صحت کے شعبے میں خصوصاً میڈیسن سائنس میں اُس وقت ا نقلاب رونما ہوا جب الیگز نیڈر فلیمنگ نے پنسلین Penicillin دریافت کر لی۔

یہ پہلی انٹی باؤ ٹک دوا تھی جس نے جسم کے اندر ہو نے والے انفکشن ( زخموں) کے علاج کو ممکن بنادیا۔ خصوصاً بعد میں جا کر تپ دق کا علاج ممکن ہو گیا۔ اسی سال یعنی1928 ہی میں کیلوگ بریاں امن معاہد ہ ہوا Kellogg-Briand Pact پر دنیا کے 60 سے زائد ممالک نے دستخط کئے معاہدے میں اِن ملکوں نے جنگ کو بطور قومی پالیسی مسترد کر دیا اور تنازعات کو پُر امن طریقے سے حل کر نے پر اتفاق کیا۔ اسی سال بر طانیہ میں ریپریزنٹیشن آف دی پیپل ایکٹ کے تحت خواتین کو مردوں کے برابر 21 سال کی عمر میں ووٹ ڈالنے کا حق مل گیا۔ 1929 ء کے اہم عالمی واقعات میں سب سے اہم واقعہ جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا وہ عالمی عظیم معاشی کساد بازاری Great Depression تھی 29 اکتوبر 1929 ء میں امریکی اسٹاک ایکسچینج مارکیٹ کریش کرگئی جسے سیاہ منگل (Black Tuesday ) کہا جا تا ہے۔

صرف ایک دن میں ایک کروڑ 64 لاکھ شیئرزحصص ،بیچے گئے یہ ریکارڈ اگلے سال تک قائم رہا اس سے مارکیٹ کو ایک دن میں16 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور پورے ہفتے میں یہ نقصان 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ اس کے زیادہ شدید اثرات بر طانیہ سمیت دنیا کے دیگر ملکوں پر پڑے۔ پوری دنیا میں معاشی اقتصادی بدحالی آئی غربت ، بے روز گاری ،افلاس اور بھوک میں اضافہ ہو، یہ عظیم کساد بازاری 1929 ء سے 1932 ء تک شدت کے ساتھ جاری رہی بعض ملکوں میں1939 ء تک اس کے شدید اثرات رہے 1929 ء سے 1932 ء تک اس عالمی عظیم کساد بازاری کی وجہ سے عالمی تجارت میں 66% سے70% تک کمی آئی عالمی جی ڈی پی میںپندرہ فیصدکمی رہی، بے روز گاری میں شدیدنوعت کا اضافہ ہوا جرمنی میں بے روز گاری 33% تک پہنچ گئی اس دورمیںہٹلر کوعروج حاصل ہوا۔ 1929 ء میں مسولینی اٹلی کا وزیر اعظم بن چکا تھا۔ اپنی آمریت کو زیادہ مضبو ط کر رہا تھا مگر اُس کو پوپ سے خطر ہ تھا۔

اس لیے مسولینی نے پوپ سے معاہدہ لیٹرن کیاجس کے تحت اٹلی میںویکٹن سٹی کا قیام عمل میں آیا۔ ویٹیکن سٹی کو پوپ کے حکمرانی کے تحت ایک آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا۔ اِن تمام عالمی واقعات اور حالات کا اثر ہندوستان میں تقریباً ہر شعبہ زندگی پر مرتب ہوا تھا۔ مثلاًبرطانیہ میں مزدروں کی ہڑتال نے انڈیا کے مزدوروں کو متاثر کیا جن کے لیے تھوڑے عرصے پہلے ہی ٹریڈ یونین ایکٹ متعارف کیا گیا تھا۔ جاپان کے نئے بادشاہ نے تجارت صنعت کے اعتبار سے متاثر کیا تھا۔ بولتی فلم نے عام آدمی کے لیے جہاں تفریح فراہم کی تھی وہاں ہالی ووڈ کی فلم انڈسٹری کے مقابلے میں ہند وستان کی فلم انڈسٹری نے عوامی شعور کو کافی حد تک بیدار کیا تھا۔

بھارت اور پاکستان کی آزادی میںمقامی فلم انڈسٹری کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہوائی جہازوں کی براہ راست پروازوں سے نہ صرف ڈاک بلکہ فوجی نوعیت کی فوری ترسیل کے علاوہ بر طانیہ سے انڈیاکا سفر چند گھنٹوں کا ہو گیا، جس کی وجہ سے بعد کے دنوں میں برطانیہ کے اخبارات ورسائل بھی جلد ہندوستان پہنچنے لگے تھے۔ یوں برطانوی پارلیمنٹ کی کاروائیوں کے علاوہ دنیا بھر کے حالات سے ہندوستان کے سیاستدان جلد آگا ہ ہونے لگے تھے۔ چین کی صورتحال سے ہندوستان کی حال ہی میںقائم ہونے والی کیمو نسٹ پارٹی کو حوصلہ ملا تھا۔ یہاں کے شاعر ادیب ،دانشور سوویت یونین کے بعد چین سے متاثر ہو رہے تھے ۔ تحریک خلافت کے بعد اب حجاز مقدس کے سعودی عرب بن جانے سے اور برطانوی حکومت کی جانب سے اس بادشاہت کو تسلیم کرنے سے ہندوستان کے خصوصاًتعلیم یافتہ مسلمان عالمی سیاست کو بہتر اندا زمیںسمجھنے لگے تھے۔ 60 ملکوں کی جانب سے قومی پالیسی میں جنگ سے انحراف سے یہاں بھی اندازہ ہو رہا تھا کہ دنیا امن چاہتی ہے۔

خواتین کو مردوں کے برابر ووٹ کے حق نے یہاں سیاست کے شعبے میں متحرک ہو نے والی خواتین کو تقویت ملی تھی۔ پھر جہاں تک عظیم عالمی کساد بازاری کا تعلق ہے اس سے ہندوستان کے کسانوں مزدوروں کی آمدنیوں میں 60 فیصد کمی واقع ہو ئی تھی۔ اجناس کی قیمتوں میں 60% تک کمی کی وجہ سے کسانوں کو قرض لینا پڑا تھا ۔ جب کہ حکومت کی جانب سے لگا ن میںکو ئی چھوٹ نہیں دی گئی1960 ء میں ہی گاندھی نے ،،نمک ستیہ گرہ SaltSatyagrha) ( اور سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جس کوعوام کی خاص طور پر کسانوں کی بھرپور حمایت حاصل تھی۔ اٹلی میں مسولینی کی جانب سے ویکٹین سٹی کو پوپ کی سرپرستی میں ایک آزاد وخود مختار ریاست کے طور تسلیم کیا گیا تھا اب پاپائے روم کو کیتھولک عیسائیت بنیاد پر دنیا بھر کے عیسائیوں کو ایک مرکز مل گیا تھا۔ مسقبل میں کو ئی بھی جنگ ہو ئی یا کوئی عالمی سیاسی مسئلہ اُبھر تو اس عیسائی مرکز کی بنیاد پر پوپ کی ایک مسلمہ حیثیت تھی۔

 قائد اعظم چونکہ برصغیر میں کروڑ وںکی مسلم آبادی کے رہنما تھے اس لیے اِن عالمی حالات ،واقعات کا مطالعہ اِن کے مطابق اسٹرٹیجی ترتیب دینا اُن کی قومی ذمہ داری تھی۔ یہاں میں نے الیگزنڈر فلیمنگ کی جانب سے پنسلین کی دریافت کا بھی ذکر کیا ہے واضح رہے کہ قائدا عظم کو تپ دق کی شدید بیماری کا انکشاف شملہ کانفرنس 1945 ء کے دوران طبعیت کے خراب ہو نے پر ہوا تھا حالانکہ کہ اس کی ابتدائی صورت 1930 ء میں قائد اعظم جسم میں پید اہو چکی تھی ، پنسلین کی دریافت  کے بعد بہت سے ایسے مریض جن کی ٹی بی ابتدائی مراحل میں تھی وہ اس پنسلین کے استعمال سے بالکل صحت یاب ہو نے لگے تھے ، لیکن یہاں قائداعظم پر اس اعتبار سے تنقید کی جا سکتی ہے کہ اُنہوں نے اپنی جسمانی صحت پر تو جہ نہیں دی۔

یہاں تک کہ جب ٹی بی کے شدید ہونے کا انکشاف ہو گیا قائداعظم نے تمباکو نوشی ترک نہیں کی۔ مثل مشہور ہے کہ قرض اور مرض کو کبھی تھوڑا یا معمولی نہیں سمجھنا چاہیے مگر افسوس ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تپ دق جیسی بیماری کو معمولی تصور کیا۔ یہاںتک کہ قائد نے تمباکو نوشی یعنی سگریٹ اور سگار نوشی کو ترک نہیں کیا ، تصور کریں کہ اگر قائدا عظم 1931-32 ء ہی میں اپنے علاج پر پوری توجہ دیتے اور مکمل صحت یاب ہو جاتے توصورتحال آزادی کے بعد کیا ہو تی ؟ میرا خیال ہے کہ اگر قائد آزادی کے بعد صحت مند زندگی کے ساتھ 1951 ء بھی زندہ رہتے تو پاکستان مستقل بنیادوں پر مستحکم ہو جا تا، کشمیر کا فیصلہ پا کستان کے حق میں ہوجا تا۔ 1926 ء سے 1929 ء تک برصغیر میں جو واقعات رونما ہو ئے اِن واقعات اور حالات کی وجہ سے قائد اعظم نے قیام پاکستان کے لیے اپنا ارادہ مستحکم کر لیا۔ 23 دسمبر1926 ء کو سوامی شردھانند( آریا سماج کے رہنما اور سوامی دیانند سرسوتی کے پیرو کار ) کو عبدالرشید نامی مسلم نو جوان نے دہلی کے نیا بازار میں اُن کوگھر پر قتل کر دیا۔

قتل کی وجہ ہندووں کی جانب سے شدھی تحریک تھی جس کا مقصد مسلمانوںکو ہند و بنا نا تھا۔ اِن مذہبی اختلافات کی بنیاد پر اس جذباتی مسلمان نے سوامی شردھانند کو قتل کر دیا تھا۔ قاتل عبدالرشید کو پولیس نے گرفتار کر لیا اور 1927 ء عدالت نے قاتل کو پھانسی کی سزا سنا دی اور اسے پھا نسی دے دی گئی۔ اس معروف ہند و مذ ہبی شخصیت کے قتل کی وجہ سے 1926 ء کے اوآخر اور 1927 ء کے دوران کئی ہندو مسلم فسادات ہوئے۔ دہلی میں جہاں یہ قتل ہوا تھا وہاں قتل کے فوراً بعد مسلمانوں اور ہندوںمیں شدید کشیدگی پیدا ہو ئی پنجاب میں لاہور ، امرتسر ، اور ملتان میں UP اتر پر دیش کے شہروں بریلی ، کانپوراور آگرہ میں زیادہ شدید ہند و مسلم فسادات رونما ہو ئے کیونکہ یہ شدھی اور تبلیغی تحریکیوں کے مراکزتھے، اِن کے علاوہ بنگال میں کلکتہ اور ڈھاکہ جیسے شہروں میںبھی ہند مسلم فسادات ہوئے۔ سوامی شردھا نند کے قتل سے مشترکہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک کو بہت نقصان پہنچا۔ مسلمان اور ہندوجو ہندوستان کی مشترکہ آزادی کے لیے آپس میں متحد ہو رہے تھے۔

اس قتل سے اُس اتفاق و اتحاد کی فضا کو شدید دھچکا لگا۔ سوامی شردھانند کے قتل پر موہن داس گاندھی اور قائد اعظم محمد علی جناح کا درعمل ایک جیسا اور نہایت افسردہ تھا ،مہاتماگاندھی نے اِس قتل کی شدید مذمت کی مگر اُن کا نکتہ نظر یہ تھا کہ قاتل سے کہیں زیادہ ذمہ دار یہ ماحول ہے۔ اُنہوں نے دسمبر1926 ء میں گوہاٹی میں کانگریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ اس میں اکیلا قاتل عبد الرشید ذمہ دار نہیں بلکہ اصل قصور وار وہ لو گ ہیں جو ہندو مسلم تعصب اور نفرت کو ہوا دیتے ہیں۔ اُن کا واضح اشارہ اُن اخبارات اور شخصیات کی جانب تھا جو ماحول کو خراب کر نے کے لیے ہند و مسلم نفرت کو ہوا دے رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا نفرت زدہ ماحول کی وجہ سے ایک شخص اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا اور اُس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ قائد اعظم جن کو 1916 ء کے میثاق لکھنو کروانے پر ہند و مسلم اتحاد کے سفیر کا خطاب دیا گیا تھا وہ چاہتے تھے کہ ہندو مسلم اختلافات بات چیت اور قانون سازی کی بنیاد پر ہمیشہ کے لیے حل کر لئے جائیں۔ مشترکہ ہندوستان ہندو مسلم اتحاد کی بنیاد پر آزاد ہو وہ کانگریس اور مسلم لیگ دونوں ساتھ ملا کر مشترکہ ہندوستان کی آزادی چاہتے تھے۔

قائد اعظم نے ایک بیرسٹر او ر قانون پسند رہنما کی حیثیت سے اس قتل اور اس کے بعد ہو نے والے ہند و مسلم فسادات کی شدید مذمت کی ،قائد کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا تھا کہ کسی بھی قسم کا تشدد ہو قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے کیونکہ قانون کو ہاتھ میں لینا سیاسی سماجی مقاصد کے لیے ناقابل قبول ہے۔ ہند و مسلم فسادات اور بڑھتی ہو ئی فرقہ واریت نے ہند وں اور مسلمانوں کے درمیان خلیج پیدا کر دی تھی جس کا قائد اعظم کو بہت دکھ تھا۔ قائد کو محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوں اور مسلمانوں کے درمیان مذہبی جنونیت اگر اسی طرح بڑھتی رہی تو متحدہ ہندوستان کی آزادی کا اُن کا خواب بکھر جا ئے گا۔ اس لیے قائداعظم نے مارچ 1927 ء دہلی میں مسلم لیگ رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے ،،دہلی مسلم تجاویز پیش کیں تھیں ، مجموعی طور پر سوامی شردھانند کے قتل اس کے نتیجے میں ہو نے والے ہندو مسلم فسادات پر گاندھی و قائد اعظم کا ایک موقف تھا 1926 ء ہی میں برصغیر میں مرکزی اور صوبائی سطح کے عام انتخابات ہو ئے ، جن میں سوراج پارٹی کو دھچکا لگا فرقہ ورانہ بنیادوں پر ہو نے والی سیاست غالب آگئی۔

1927 ء میں قائد اعظم نے ہندو مسلم بنیاد پر سیاست میں تعصب کے رحجانات کو ختم یا کم کرنے کے لیے مسلم لیگ کے رہنماؤں کے اجلاس میں Delhi Proposals دہلی تجا ویز پیش کیں تجا ویز میںسندھ کو بمبئی سے الگ کر کے صوبہ بنانے ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سیاسی اصلاحات کر نے کے مطالبات شامل تھے یعنی وہ 1927 ء میں خیبر پختوانخوا اور بلوچستان کو صوبہ بنانے کوشش میں تھے ۔ 1927 ء میں برٹش انڈیا کے سیاسی ارتقا میں Simon Commission سائمن کمیشن کا اہم کردار رہا برطانوی حکومت کی جانب سے 8 نومبر1927 ء کو سر جان سائمن کی سر براہی میںسات رکنی کمیشن تشکیل دیا جس کا مقصد برصغیر میں آئینی اصلاحات کر نا تھا گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1919 ء کا جائزہ لینا تھا کمیشن نے دو مرتبہ برصغیر کا دورہ کیا پہلے تین فروری 1928 ء کو بمبئی آیا پھر 1929 ء میں آیا۔ اس کی رپورٹ مئی 1930 ء میں شائع ہو ئی ہندوستان کے سیاسی رہنماؤں کو اس پر شدید اعتراض تھا کہ اس 7 رکنی کمیشن میں ایک بھی ہندوستانی شامل نہیں تھا۔ جس کی وجہ سے کانگریس اور مسلم لیگ کے ایک دھڑے نے اس کو مسترد کردیا۔

کمیشن کے اراکین جہاں بھی گئے وہاں اِن کی آمد پر شدید عوامی احتجاج ہوا ، سائمن واپس جاؤ Simon Go Back کے نعرے لگے۔ لاہور میں جلوس پر لاٹھی چارج کی وجہ سے لالہ لاجپت رائے زخمی ہوئے اور پھر ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔1927 ء کا ایک اہم واقعہ کانگریس کے صدر موتی لعل نہرو کے بیٹے اور کانگریس کے اہم ترین رہنما جو اُس وقت نوجوان تھے وہ پہلے بیلجیم کے شہر برسلز میں منعقد ہونے والی ،،دبی کچلی قوموں کی کانگریس،،(Congress of Oppressed Nationalities ) میں انڈین نیشنل کانگریس کے سرکاری نمائندے کی حیثیت میں شرکت کی ،بیلجیم میں قیا م کے دوران ہی جواہر لعل نہرو کو سوویت یونین کی جانب سے اشتراکی انقلاب کی دسویں سالگرہ کے جشن میں شرکت کی دعوت ملی تھی۔ سوویت یونین کی دعوت پرنہرو خاندان جواہر لعل نہرو اِن کی اہلیہ کملا نہرو بہن وجے لکشمی پنڈت سوئزر لینڈسے ٹرین کے ذریعے ماسکو پہنچے۔ سوویت یونین کے انقلاب کے دس سالہ جشن کی مختلف سر گرمیوں میں شرکت کی ، اس دورے نے جواہر لعل نہرو کی فکر پر گہرے اثرات مرتب کئے۔

خصوصاً معاشی اشتراکی نظرات کا مشاہدہ اورمطالعہ کیا اس کا ذکر اُن کی تحریروں میں بھی ملتا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ آزادی کے بعد وہ1947 ء سے 1964 ء بھارت کے پہلے وزیر اعظم رہے ، تو سوویت یونین سے گہرے اور قریبی تعلقات اُن کی خارجہ پالیسی کی اہم بنیاد بنے ۔ 1928 ء میں جہاں سائمن کمیشن پر کانگریس کا اعتراض شدید تھا وہاں اچانک کانگریس کے صدر موتی لعل نہر و کی سر براہی میں سائمن کمیشن کے جواب میں ایک کمیٹی تشکیل دے دہی گئی ، جس نے اگست 1928 ء میںاپنی رپورٹ پیش کی جسے نہرو رپورٹ کہا جا تا ہے۔ اس رپورٹ میں 1916 ء کے میثاق لکھنو کو یک طرفہ طور پر نظر انداز کر دیا گیا، یوں مسلمانوں کی شناخت اور حقوق کو بھی نظر انداز کر دیا گیا ۔ اس کوقائدا عظم نے شدت سے محسوس کیا۔ 1916 ء تک پہلی جنگ عظیم میں ہار جیت کے لحاظ سے ابھی پوزیشن واضح نہیں تھی۔ اس وقت کانگریس کی قیادت نے یہ سوچ کر میثاق لکھنو کر لیا کہ اگرجنگ میں جرمنی اور خلافت عثمانیہ کی فتح ہو ئی تو مسلم لیگ کانگریس کے معاہدے میثاق لکھنو کی وجہ سے کانگریس یہ کہنے کے قابل ہو گی کہ جنگ عظیم اوّل کے دورا ن کانگریس نے ہندوستان کی مشترکہ آزادی کی خاطر میثا ق لکھنو کیا تھا یوں میثاق لکھنو کی وجہ سے ہندوں کو فائدہ ہو گا۔

اگر برطانیہ اور اُس کے اتحادی جنگ ِعظیم اوّل جیت جاتے ہیں ، تودنیا میں مسلم اتحاد اور خلافت باقی ہی نہیں رہے گی اس صورت میں میثا ق لکھنو کو کانگریس مسترد کر دے گی اور ہندوستان پر مکمل حاکمیت کی دعویدار ہوگی۔ کانگریس نے نہرو رپورٹ پیش کر کے ایسا ہی کیا۔ نہرو رپورٹ سے قائدا عظم سے کہیں زیادہ دکھ علامہ اقبال کو پہنچا تھا اُنہوں نے ہندو تنگ نظری اور تعصب کو شدت سے محسوس کیا یہی وجہ تھی علامہ اقبال نے اس کے بعد یہ طے کر لیا کہ مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن ضروری ہے۔ دسمبر 1928 ء کو لالہ لاجپت رائے کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لئے انگریر پویس افسر سانڈرس کو بھگت سنگھ نے قتل کردیا۔ 1929 ء میں قائدا عظم نے کچھ اٖضافے کے ساتھ تقریباً وہی مطالبات یا تجاویز دیں جو میثاق لکھنو میں رکھی تھیں۔ اِن کو جناح کے 14 نکات کا نام دیا گیا۔ یہی 14 نکات مستقبل میں مسلم لیگ کا روڈ میپ بن گئے۔

اپریل 1929 ء میں بھگت سنگھ اور اُن کے ساتھی بٹکیشوردت نے دہلی کی سنٹرل لیجسلیٹو اسمبلی میں دھماکہ خیز مواد پھینکا تاکہ بر طانوی حکومت کے کالے قوانین کے خلاف احتجاج کیا جاسکے ،دسمبر1929 ء میں انقلابی رہنما جتن داس جیل میں قیدیوں کے حقوق کے لیے 63 دن بھوک ہڑتال کے بعد انتقال کر گئے ، دسمبر 1929 ء میںلاہور میں کانگریس کا ،، پورن سوراج،، کی بنیاد پر پنڈت جواہر لعل کی صدارت میں تاریخی اجلاس ہوا جس کی صدارت مہاتما گاندھی کے کہنے پر جوا ہر لعل نہرو نے کی اس اجلاس میں ہندوستان کے ،،پورن سوراج،، مکمل آزادی کا مطالبہ کیا گیا ،اس اہم اجلاس میں مہا تما گاندھی ، جواہر لعل نہرو کے والد موتی لعل نہرو ، سھباش چندر بوس ، سردار ولبھ بائی پٹیل ڈاکٹر راجیندر پرساد،مولانا ابو کلام آزاد، خان عبد الغفار خان ، اروناآصف اور رام منوہرلوہیا، اور سیف الدین کچلو جیسے قد آور رہنما شامل تھے جنہوں نے ہندوستان کی مکمل آزادی کا مطالبہ کر دیا تھا۔ اس اجلاس میں کیمونسٹ نظریات رکھنے والے بھی شامل تھے ، مہاتما گاندھی کی عدم تشدد کی پالیسی سے انحراف کر نے والے لیڈر بھی تھے جن میں نمایاں نام سبھاس چندر بوس اور سردار ولبھ بھا ئی پٹیل تھے، یوں دسمبر 1929 ء تک ہندوستان میں جد و جہد آزادی کی تحریک اب الگ ،الگ انداز میں مسلم لیگ اور کانگریس پُر جوش طور پرچلانے لگے۔

 عالمی منظر نامے میں امریکہ ، بر طانیہ ، فرانس ، اٹلی ، اسپین جیسے ممالک اشتراکی انقلاب کے خلا ف تھے۔ سوویت یونین کے سامنے چیلنج تھا کہ کس طرح اشتراکی نظام کی بنیاد پر سوویت یونین کو اس کی معیشت کو مستحکم کیا جائے۔ سوویت یونین کے اسٹالن نے ہی دنیا میں پہلی مرتبہ پنجسالہ منصوبہ دیا۔ اسی دوران امریکہ سے اُبھرنے والی عظیم عالمی کساد بازاری پوری دنیا میں پھیلنے لگی۔ اس کساد بازاری سے جرمنی میں ابھرنے والے ہٹلر اور سوویت یونین کے اسٹالن کو سیاسی دفاعی اعتبار سے فائد ہ پہنچا۔ اقتصادی بحران سے بر طانیہ ، فرانس ، امریکہ اور دیگر اتحادی اس قابل نہیں رہے تھے کہ وہ سوویت یونین کے کیمونسٹ انقلاب کو ناکام کر نے لیے عملی اقدامات کر سکیں۔

سوویت یونین عالمی کساد بازاری کے باوجود صنعتی اقتصادی ترقی کرتا رہا۔ ہندوستانی خصوصاً شاعر ادیب روس کی ترقی سے متاثر اور متحرک تھے ، مگر کی نفی کے باعث مسلمانوں کی اکثریت کیمونسٹ نظریات کو پسند نہیں کر تی تھی۔ جہاں تک تعلق ہندوں کا تھا تو نہ صرف کانگریس میںبھی ولبھ بھائی پٹیل جیسے ہندو قوم پرستوں کا ایک گروپ تھا۔ قائد اعظم 1929 ء تک اپنے 14 نکات کی بنیاد پر اس کا انتظار کر رہے تھے کہ کانگریس 1916 ء کے میثاق لکھنو پر دوبارہ آجائے ۔ جرمنی 1919 ء میں ہو نے والے معاہدہ وارسائی کی ذلت کو قومی غیرت کی بنیاد پر شدت سے محسوس کرر ہا تھا۔ یہاںمہنگائی اور غربت کی وجہ کیمونزم کو بھی فروغ حاصل ہو رہا تھا۔جرمن نیشنلزم کو بھی اسی زمانے میں ہٹلر نے اپنی پُر جوش جدو جہد اپنی شعلہ بیانی سے جرمن قوم کونازی پارٹی اور اس کے قوم پرست فلسفے پر یک جا کیا۔ شکست خوردہ جرمنی کو یقین دلایا کہ وہ اس ملک اور قوم کو اس ذلت آمیز صورتحال اور بحران سے نکال کر دنیا کی عظیم قوم بنا دے گا۔ وہ جرمن قوم کو متحدہ پُر عزم اور یکجا کر نے میں کامیاب ہو گیا اور دنیا تیزی ایک ایک نئی عالمی جنگ کی طرف بڑھنے لگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }