’اردو باغ‘ میں کِھلا ’قومی زبان کانفرنس‘ کا پھول!

7

’اردو کانفرنس‘ کی تاریخ کو دیکھیے تو اس کی جڑیں بیسویں صدی عیسوی کے نصف میں جا نکلتی ہے، جب بٹوارے کے بعد نئے ملک میں اردو کے نفاذ اور عملی زندگی میں شمولیت کے واسطے بڑے پیمانے پر بابائے اردو کے زیر قیادت ایک تحریک جاری تھی۔

پھر اکیسیوں صدی میں ’کراچی آرٹس کونسل‘ میں اس کا احیا ہوا اور یہ ایک بڑا سالانہ تہوار بن گیا، لیکن کچھ برسوں سے یہ ’عالمی اردو کانفرنس‘ اپنی بنیاد یعنی کہ اردو کے حوالے سے کچھ بھٹکتی ہوئی دکھائی دی۔ ہم نے ہمیشہ بہت احترام سے عرض کیا کہ بہت سے موضوعات ایسے ہیں، جن کی گنجائش ادبی میلوں میں تو ضرور نکل سکتی ہے، لیکن کسی ’اردو کانفرنس‘ میں نہیں۔ بات نکتہ چینی کی نہیں، براہ راست منطق اور اصلاح کی ہے، کہ اردو کانفرنس کے لیے تو یہ لازم ہے کہ اس کی ہر بیٹھک کا مرکزی خیال ’اردو‘ ہی ہوگا، ورنہ یہ اپنے آپ ایک مذاق بن جائے گا۔

ایسے میں ہماری یہ رائے بعض ’بے رحم حلقوں‘ میں بدشگونی سمجھی گئی، اور کہا گیا کہ ’پھر خود کروا لو ناں یہ کانفرنس!‘ تو ہم تب بھی یہی گزارش کرتے کہ حضور، بات کو سمجھیے، بلاشبہ کوئی کانفرنس کروانا جان جوکھم کا کام ہے، لیکن اس کا مقصد یہ ہرگز نہیں ہوتا کہ آپ کو بنیاد پرالٹ پھیر کی گویا کہ اجازت حاصل ہوگئی ہے اور آپ اردو کانفرنس کے موضوعات میں سے اردو ہی کو بے دخل کر ڈالیں گے۔۔۔! ایسا ہوگا تو ہم ضرور اس پر توجہ دلائیں گے۔

گذشتہ دنوں ’انجمن ترقی اردو‘ کے مرکزی دفتر ’اردو باغ‘ گلستانِ جوہر کراچی میں دو روزہ ’قومی زبان کانفرنس‘ کا انعقاد ہوا۔ جس میں مشاعرے سے لے کر محفل سماع تک اور زبان وبیاں سے اردو ذرائع اِبلاغ وغیرہ تک کے موضوعات شامل کیے گئے۔ جس سے یہ امید جاگی کہ شہرقائد میں برسوں سے جاری ’عالمی اردو کانفرنس‘ کے لیے بھی ایک مثبت مثال قائم ہوگی۔ یقیناً محدود وسائل میں یہ پہلا قدم بہت حوصلہ افزا اور متاثر کُن رہا۔

کراچی جیسے تین کروڑ کی آبادی میں مرکزِشہر سے بہت پِرے ہونے کے باوجود یہاں اردو کے عشاق پہنچے، ہر چند کہ شرکا ہزاروں کی تعداد میں نہ تھے، لیکن سیکڑوں میں ضرور موجود تھے۔ وہ بھی تباہ حال ’یونیورسٹی روڈ‘ کے ناقابل سفر راستے کو دیکھیے تو بہت غنیمت جاننا چاہیے۔ یہ ایک نئے فعال ادبی مرکز کے پہلے قدم کے طور پر یقیناً ایک تاب ناک شروعات ثابت ہوگی۔ سالانہ ادبی میلوں اور کانفرنسوں کے پہلے پہلے برس ہی بہت زیادہ رش نہیں لگ جایا کرتا، محفل رنگ جماتے جماتے ہی جماتی ہیں اور ’انجمن ترقی اردو‘ نے براہ راست عوام میں پہنچنے کا یہ بگل بجا دیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ’انجمن ترقی اردو‘ کے اِس تاریخی ادارے کے زیرسایہ فروغ و نفاذ اردو کی یہ حقیقی جدوجہد اردو زبان کے چاہنے والوں کے لیے ہوا کا ایک خوش گوار جھونکا بنے گی، اور ’شہرِ قائد‘ کی عالمی کانفرنس اور ادبی میلوں کے منظر نامے میں اپنے منفرد رنگ کے ساتھ تادیر جلوے بکھیرتے رہے گی۔

 اردو اِس ملک کو گھُٹّی میں دی گئی!

یہ پُروقار بزم جمعہ 30 اکتوبر 2026ء کی سہ پہر ممتاز شاعرہ زہرا نگاہ کے دست مبارک سے افتتاح کی گئی۔ اس موقع پر انھوں نے ’جمیل الدین عالی ہال‘ کی بھی نقاب کشائی فرمائی۔ اس کانفرنس میں اظہارِمسرت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’تقسیم کا زخم کھاتا ہوا ’انجمن ترقی اردو‘ کا ادارہ آج بھی زندہ ہے اور جب تک اردو ہے، یہ ادارہ بھی زندہ رہے گا۔ کسی بھی ملک کے بننے سے پہلے اس کا نام، جھنڈا اور دستور کے ساتھ اس کی زبان کا تعین بھی کیا جاتا ہے۔ جیسے کسی نومولود بچے کو گُھٹّی دی جاتی ہے اور اردو ہمارے ملک کو دی جانے والی گُھٹّی ہے۔ آج ہمارے گھروں کی زبان اردو نہیں! والدین ملازمت کرتے ہیں اور بچوں کو انگریزی اسکول میں داخل کرا دیتے ہیں، جس کی وجہ سے بچے انگریزی میں ڈھل جاتے ہیں، خود میرے خاندان میں ایسا ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اردو اسپیکنگ‘ ایک نسل پرست محاورہ ہے، اردو کو ایک طبقے تک محدود کر کے غلط کیا گیا۔

 اردو کو یادوں کی زبان نہ رہنے دیا جائے!

افتتاحی اجلاس کے مہمان اعزاز ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے اردو کی اہمیت اور بول چال کے حوالے سے دنیا بھر کے اعداد و شمار پیش کیے اور کہا کہ قومی زبان کے علاوہ دیگر پاکستانی زبانیں ہمارا ورثہ ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہماری کوئی زبان کسی دوسری زبان کی حوصلہ شکنی کا ذریعہ نہ بنے۔ ہمارے پاس صرف ماضی کے تذکرے نہ ہوں، اردو کے حوالے سے ’سوشل میڈیا‘ اور ’مصنوعی ذہانت‘ کے مواد کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اردو صرف یادوں کی زبان نہ رہنے دی جائے۔ انجمن ترقی اردو کی معتمد ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی نے قومی زبان کانفرنس میں مہمانوں اور حاضرین کا خیر مقدم کیا اور ’انجمن ترقی اردو‘ کا تعارف اور ڈیجیٹل تقاضوں کے مطابق فروغ ونفاذ اردو کے حوالے سے انجمن کی کارگزاری پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ’انجمن‘ کے نئے عہدے داران کے انتخاب کے حوالے سے بھی بتایا۔

 ’جامعہ اردو‘ واپس لینے کی جدوجہد شروع کردی!

انجمن ترقی اردو کے افتتاحی اجلاس میں صدرِ انجمن واجد جواد نے کہا ’یونیسکو‘ کی جانب سے اردو کو ان زبانوں میں شامل کیا گیا ہے، جن کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔ ہمارا حال یہ ہے کہ جامعہ اردو کے ’بزنس ایڈمنسٹریشن‘ کے ’ڈین‘ سے سوال کیا کہ آپ تو یہاں اردو میں پڑھاتے ہوں گے؟ تو انھوں نے کہا کہ نہیں انگریزی میں۔ جب ان سے کہا کہ یہ تو ’جامعہ اردو‘ ہے، تو انھوں نے کہا سندھ یونیورسٹی میں بھی تو سندھی اور پنجاب یونیورسٹی میں تو پنجابی میں نہیں پڑھاتے! واجد جواد نے یہ انکشاف کیا کہ ’انجمن ترقی اردو‘ کی جانب سے ’جامعہ اردو‘ کو سرکاری انتظام سے واپسی کے لیے جدوجہد شروع کردی گئی ہے۔

 ’’رسم الخط زبان نہیں ہوتا؟‘‘

’قومی زبان کانفرنس‘ کے دوسرے اجلاس بہ عنوان ’نئی نسل اور اردو‘ کی نظامت ڈاکٹر نجیب جمال کے سپرد تھی، انھوں نے تشویش ظاہر کی کہ آج دنیا کی دوسری زبانوں کو وہ چیلینج نہیں ہیں، جو اردو کو ہیں۔ وہ رسم الخط سے زیادہ ’زبان کی اہمیت قائل دکھائی دیے، جو خاصی اچنبھے کی بات تھی، وہ گویا ہوئے کہ رسم الخط زبان نہیں ہوتا، زبان فعل سے بنتی ہے۔ اردوکے سب فعل مقامی ہیں۔ ڈاکٹر نجیب جمال نے بتایا کہ پروفیسرکرارحسین کہا کرتے تھے کہ کوئی بھی دوسری زبان اچھی طرح سے سیکھنے سے پہلے ضروری ہے کہ جو بھی زبان بولتے ہیں، وہ ٹھیک سے بولیے۔ ’غَلط‘ غلَط ہے، ’غلَط‘ صحیح ہے! مسند نشیں شعبۂ اردو جامعہ کراچی ڈاکٹر عظمیٰ فرمان نے اردو کے بقا کے خطرے کا ازالہ ڈیجیٹل میں بتایا اور امید دلائی کہ اس میں امکانات بھی موجود ہیں۔ نئی نسل ’رومن رسم الخط‘ کو ترقی سمجھتی ہے۔ اب ہمارا ذہن اردو ہے اورنہ انگریزی! کتاب کی جگہ ’اسکرین‘ نے لے لی ہے۔ ہم نے خود اردو کے لیے راستے بند کیے۔ ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے کہ اردو کو اعلیٰ تعلیم سے کیوں دور رکھا گیا؟ انگریزی کی اہمیت سے انکا رنہیں، لیکن برطانوی نوآبادیات میں انگریزی صرف زبان نہ تھی، بلکہ ایک نظام بن گیا تھا۔ 1988ء میں ’مقتدرہ قومی زبان‘ نے خود خط لکھ کر بتایا کہ ان کی تیار مکمل ہو چکی ہے۔ واضح رہے1973ء کے آئین کے مطابق 1988ء میں اردو کو نافذ ہو جانا چاہیے تھا۔

لکھنے والی اردو پَس پا۔۔۔ اردو ’سوفٹ ویئر‘ فرسودہ!

معروف ادیب اور صحافی اخلاق احمد نے اپنے وسیع علمی مشاہدے اور تجربے کے مطابق حاضرین کے سامنے تلخ حقیقت عیاں کی اور بتایا کہ زبان کے لیے صرف ادب کافی نہیں۔ جدید اصطلاحات و جدید علوم کے بغیر اردو صرف لوک داستانوں کی زبان رہ جائے گی۔ آج اردو روزگار کی زبان نہیں رہی۔ کچھ برس قبل ہم لوگ شکیل عادل زادہ کے ’سب رنگ‘ کے دفتر میں اردو کے حوالے سے انھی خدشات کا اظہار کرتے تھے، آج بولنے والی اردو تو موجود ہے، لیکن پڑھنے اور لکھنے والی اردو پَس پَا ہو رہی ہے۔ ’رومن‘ میں اردو لکھنے والے اتنے بڑے پیمانے پر ہیں کہ اب بات ہمارے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ آج اردو ’’بازاری زبان‘‘ ہے، کیوں کہ ہمیں سبزی لینے جانا ہے، تو وہاں اردو استعمال ہوگی۔ اس لیے تاثر یہ ہے کہ اردو رابطے کی زبان ہے، علم کی زبان نہیں! کمپیوٹر پر اردو کا معیاری خط ’نستعلیق‘ ڈیجیٹل ذرائع میں استعمال کرنا بہت مشکل ہے۔ کمپیوٹر پر اردو کے ’فونٹ‘ وہی فرسودہ ہیں۔ کئی برسوں سے اردو کے سوفٹ ویئر ’ان پیج‘ کے متن کو تصویر کی شکل میں ہی لینا پڑتا ہا ہے، جُڑا ہوا رسم الخط ’مصنوعی ذہانت‘ اور جدید طریقوں کے سامنے ایک مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ’ای بک‘ کی صورت میں اردو زبان موجود نہیں ہے، اردو تحریر صرف ’عکس‘ کی شکل میں ہے۔ ’یوٹیوب‘ کسی بھی ویڈیو کے اردو کے ’سب ٹائٹل‘ کو ’ہندی‘ کی طرف دھکیل دیتا ہے۔ معیاری ڈیجیٹل مواد بہت کم ہے۔ صرف پڑھانے سے مسئلہ حل نہ ہوگا۔ نئی دنیا سامنے ہے، اس کے لیے عملی اقدام کون کرے گا، نہیں پتا۔

 ’کیمبرج سسٹم‘ کی مشکل زبان اردو کے خلاف سازش!

پروفیسر سلم مغل نے اپنے دل چسپ پیرایۂ اظہار میں اپنا مافی الضمیر حاضرین تک پہنچایا اور بتایا کہ ان کی نانی کی تربیت کی وجہ سے ان کی اردو بہتر ہے۔ انھوں نے جب کسی جھوٹے برتن کو ’گندا‘ کہا تو، انھیں بتایا کہ گندا نہیں سَنا ہوا کہتے ہیں۔ آج اردو اور اسلامیات صرف ’پاس‘ کرنے والے مضامین ہیں، جب کہ انھیں سمجھ کر پڑھنا چاہیے۔ انھوں نے ’کیمبرج سسٹم‘ کی مشکل نصابی اردو کو بچوں کو اردو سے دور کرنے کی سازش قرار دیا۔ اُن کا خیال ہے کہ فلموں نے اردو کو عام آدمی تک پہنچایا اور گانوں نے بھی بہت اہم کردار ادا کیا، اس سے بہت سے الفاظ کے مفاہیم اور تلفظ پتا چلے۔ پشتو، بلوچی، پنجابی اور سرائیکی بولنے والوں کے رابطے کے لیے اردو کے سوا کوئی راستہ ہی نہیں۔ اردو کو کمپیوٹر پر متعارف کرانے والے احمد مرزا جمیل کے حوالے سے سلیم مغل نے بتایا کہ جب چینی زبان کمپیوٹر پر آئی تو احمد مرزا جمیل بہت پُرامید ہوگئے کہ جب چینی آسکتی ہے تو اردو کیوں نہیں اور جلد ہی اردو کمپیوٹر پر آگئی، افسوس آج کوئی اُن کا نام تک نہیں جانتا۔ جمیل مرزا کے والد اپنی زندگی میں کلام پاک کے صرف 11 پارے کتابت کر سکے، جمیل مرزا نے وہی ’خط‘ اخذ کر کے اُسے مکمل کرایا۔ کمپیوٹر پر نستعلیق کے ساتھ ’نوری‘ کا سابقہ ان کے والد نور احمد سے ہی منسوب ہے۔

 ’حَسام‘ نہیں ’حُسام الدین راشد!‘

ڈاکٹر ساجد حسین نے اردو تلفظ کے حوالے سے اپنی یادیں سانجھی کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے ایک مرتبہ جوش ملیح آبادی کے سامنے حَسام الدین راشدی کہا، تو انھوں نے فوراً تصحیح کی کہ حَسام الدین نہیں حُسام الدین! آج بتائیے کہ حُسام کون کہتا ہے؟ کمپیوٹر پر اردو کو لانے کے لیے جب میر خلیل الرحمن نے اِس کا سوفٹ وئیر خریدا تو اس پر ’مقتدرہ قومی زبان‘ کے توسط سے ایک لاکھ روپے کی سرکاری ڈیوٹی معاف کی گئی، یہ بات بھی سامنے آنا ضروری ہے۔ میں نے ’ایم ایس سی‘ تک ازخود اردو ترجمہ کر کے سب پڑھا، جو آج بھی محفوظ ہے۔ ’بابائے اردو‘ اصطلاح سازی اور ترجمے کو اردو کی وسعت کا ذریعہ گردانتے تھے۔ پہلے ’انجمن‘ کی جانب سے ’ماہ نامہ سائنس‘ بھی نکلتا تھا۔ ’انجمن‘ کو چاہیے اصطلاح سازی اور ان خطوط پر توجہ دے۔ ساجد حسین کا خیال ہے کہ اگر ہم ہندوستان کی طرح اپنی قومی زبان کو صرف ’مرکزی زبان‘ کہتے اور دیگر پاکستانی زبانوں کو اردو کا میزبان قرار دے دیتے تو شاید یہ ہمارے لیے بہتر ہوتا۔ جنرل ضیاالحق ’نفاذِ اردو‘ کا اعلان کرنے والے تھے، لیکن دل چسپ بات یہ ہے کہ نفاذِ اردو کا حکم کابینہ میں منظوری کے لیے پہنچنے ہی نہ دیا گیا۔ ’مقتدرہ قومی زبان‘ کا نام ’ادارۂ فروغ قومی زبان‘ رکھ کر یہ بتایا گیا کہ ابھی تو اردو کو فروغ کی ضرورت ہے، سو یہ اس قابل ہی نہیں کہ نافذ ہو سکے!

 اردو کو بازارِحُسن سے نکال کر بازارِحصص تک لائیے!

ممتاز صحافی محمود شام نے بتایا کہ ہندوستان میں جب ہندی نافذ ہوئی، تو اگلے دن سے ہی تمام دفاتر میں اس کی فرہنگ موجود تھی، تاکہ کسی قسم کی دقت نہ ہو۔ اردو کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جی ایم سید کو اپنے شہر ’سن‘ میں بھی اردو میں ہی اظہار خیال کرنا پڑتا تھا۔ زبان کے لیے متن اہم ہے۔ اردو کو شعر وادب تک محدود کر دیا گیا، کانفرنسوں میں بھی اسی کے لوگوں کو بلایا جاتا ہے۔ ’انجمن‘ کی دیگر موضوعات پر بھی کتب شائع ہونی چاہئیں۔ اردو کمزور نہیں، اسے اہل زبان نے کمزور کیا ہے، اردو کو سب سے زیادہ نقصان ادو بولنے والوں نے پہنچایا! اردو میڈیا نے اسے کمزور کیا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ ڈاکٹر نرگس ماولوالا خاتون پاکستان آئیں، تو اردو اخبارات نے توجہ نہ دی، صرف دو انگریزی اخبارات نے جگہ دی۔ میں یہ کہتا ہوں کہ ’’اردو کو بازارِ حُسن سے نکال کر ’بازارِ حصص‘ تک لانا ہوگا!‘‘ ہمیں اردو میں تمام علوم کا احاطہ کرنا ہوگا، جب اردو میں نئی اصطلاحات لائی اور استعمال کی جائیں گی، تبھی زبان آگے بڑھے گی، جیسے ڈاکٹر جمیل جالبی نے ’نج کاری‘ جیسی اصطلاح وضع کی، جو آج بہت عام ہے۔ آج اردو کے لیے بہت سی تنظیمیں بن چکی ہیں، جو نفاذ وغیرہ کی جذباتی باتیں کرتی ہیں، لیکن میدان عمل میں پیچھے ہیں۔

 نفاذِ اردو کے بہ جائے ترویجِ اردو!

قومی زبان کانفرنس کی دوسری نشست بہ عنوان ’اردو بطور زبانِ تعلیم وتحقیق‘ تھی، جس کی نظامت سابق صدر مقتدرہ قومی زبان ڈاکٹر انوار احمد نے کی۔ انھوں نے ابتدائی کلمات میں کہا کہ میں اردو کے نفاذ نہیں، بلکہ اس کی ترویج کا قائل ہوں، جب آپ اسے اچھا نمونہ بنا کر پیش کریں گے، تو یہ خود بہ خود آگے بڑھے گی۔ مائیکروسوفٹ کے ساتھ مل کر کمپیوٹر کی زبان اردو کرنے کا کام ہوا، لیکن وہ باقاعدہ آنے سے پہلے یہاں فروخت کرنا شروع کردیا گیا، تو پھر مائیکروسوفٹ نے جرمانہ کیا۔ جسٹس (ر) بھگوان داس نے تو لکھ کر دیا تھا کہ مقابلے کے امتحان کی زبان اردو ہونی چاہیے۔ معروف شاعر فراست رضوی کا کہنا تھا کہ کوئی قوم اپنی زبان کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ راس مسعود اردو ذریعۂ تعلیم کے قائل نہ تھے، لیکن جب حیدر آباد (دکن) کی جامعہ عثمانیہ نے انھیں جاپان کا دورہ کرایا، تو انھوں نے اپنے موقف سے رجوع کر لیا۔ انھوں نے ترجمے پر زور دیا۔ اردو میں ترجمے کے حوالے سے ’وضع اصطلاحات‘ ایک بہت اہم کتاب ہے۔

 بلوچستان، ایرانی سرحد اور افغانوں میں اردو

ڈاکٹر آغا ناصر نے اردو کے کراچی اور لکھنؤ سے کہیں زیادہ وسیع ہونے پر زور دیا کہ اہل زبان ہم ’بے زبانوں‘ کے بارے میں جانتے نہیں۔ آج کابل، ہرات اور قندھار تک میں اردو بولی جا رہی ہے۔ گوادر اور ڈیرہ بگٹی میں بھی اردو کے شاعر ہیں۔ بلوچی اور براہوی والے آپس میں اردو بولتے ہیں۔ مکران، ژوب، قلات، ڈیرہ بگٹی، مستونگ اور پشتین میں سب اپنے اپنے لہجوں میں اردو بولتے ہیں۔ میں نے بلوچستان کے فارسی، بلوچی اور پشتو والوں کے کلام کو محفوظ کیا ہے۔ وہاں ایک قبیلے کے لوگ آپس میں اردو کے بغیر بات نہیں کر سکتے، بگٹی اور مری، تربت اور گوادر، لسبیلہ اور مستونگ آپس میں اردو بولتے ہیں۔ ایرانی سرحدی علاقے میں اردو بولی جاتی ہے۔ افغان پناہ گزین اردو گانے سنتے ہیں۔ اردو وہاں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے۔ جسٹس فائز عیسیٰ کی والدہ لکھنؤ کی تھیں، ہم ان سے اردو سیکھتے تھے۔ میں اپنی مادری زبان فارسی ہونے کے ناتے لوگوں کی اردو، فارسی میں ٹھیک کرتا تھا، لیکن جیسا کہ آپ نے ڈاکٹر انوار سے سن ہی لیا کہ کسی لفظ کے صحیح اور غلط ہونے کا فیصلہ جمہور کرے گا۔

 جب تعلیم ہی نہیں رہی، تو ذریعۂ تعلیم کا کیا ذکر؟

ڈاکٹر شاداب احسانی نے کہا کہ اردو ایک ایسی زبان ہے، جس کے ذریعے ہم ایک قوم بن سکتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے بن نہیں سکے۔ اگر اردو نہ ہو تو ہم لوگ گونگے ہوجائیں۔ پروفیسر سَحر انصاری نے انجمن ترقی اردو کی فعالیت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ اردو میں تراجم جامعہ عثمانیہ سے پہلے بھی ہورہے تھے۔ وہ تراجم آج تو شاید مشکل لگیں، لیکن جس وقت کے ہیں، اس وقت عربی اور فارسی جاننے والے ہوتے تھے، وہ پڑھ لیتے تھے۔ آج تو تعلیم ہی نہیں ذریعۂ تعلیم کی کیا بات کی جائے! ’بی ایس سی‘ اور ’بی کام‘ کے نصاب سے اردو نکال دی گئی ہے، نجی کالجوں میں اردو موجود ہی نہیں۔ ’ہائر ایجوکیشن کمیشن‘ تو اردو کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ موبائل کی وجہ سے بچے اردو ’رومن‘ میں لکھ رہے ہیں۔ جب کہ باہر ممالک میں موبائل استعمال کرنے کے لیے عمر کی حد اٹھارہ سال کر دی گئی، لیکن ہم کچھ نہیں سوچ رہے۔ ہمارے ایک جج نے کہا کہ ہم صرف اردو کے لیے فیصلہ دے سکتے ہیں، لیکن قوت نافذہ نہیں ہے۔ تو ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے فیصلہ کس زبان میں لکھا؟ ہمارے ہاں اردو کے لیے رضاکارانہ کام کرنے والے نہیں، اور سرکار سے تو آپ کچھ توقع ہی نہیں کر سکتے۔

 اردو قاری کا وہ ردعمل نہیں آتا

’عالمی تناظر میں اردو میڈیا‘ دوسرے دن کی ایک اہم بیٹھک تھی، جس کی میزبانی آصف عزیز زبیری کے سپرد تھی۔ روزنامہ ایکسپریس کراچی کے ایڈیٹر اور انجمن کے نائب معتمد سید حسن عباس نے کہا کہ ہم نے اپنی زبان میں بات کرنی چھوڑ دی ہے۔ ہماری صحافت کی تربیت سادہ زبان کی تھی، تاکہ ہماری بات عام آدمی تک پہنچے۔ اب ایسا نہیں ہے۔ دوسری طرف اگر ’رومن رسم الخط‘ میں ہی سہی، کام تو اردو ہی کا ہورہا ہے۔ نئی نسل کو اردو رسم الخط کے مسائل حل کرنے کی طرف لانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے ایک سندھی اخبار ’سندھ ایکسپریس‘ ہمیں جو ردعمل ملتا ہے، وہ اردو ’ایکسپریس‘ میں نہیں ملتا۔ اخبار اور ٹی وی ایک ہی ہاتھ میں ہونے سے مقابلہ ختم ہوگیا۔ ہم بچپن میں اخبار پڑھتے تھے، جس میں ٹارزن کی کہانی آتی تھی، ہمارے محلوں میں بھی لائبریریاں ہوتی تھیں، میر شکیل غلطی کی تصحیح، اِس کی نشان دہی کرنے والے قارئین کے نام کے ساتھ شائع کرتے تھے۔ اِس وقت ہمیں معاشی مسائل ہیں اور تحقیق کی بھی کمی ہے۔ پہلے رپورٹر کے انٹرویو لیتے وقت پوچھتے کہ آپ کے پاس کیا خبر ہے؟ اب ہماری خبر ’انھوں نے کہا‘ تک رہ گئی ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا بھی یک سانیت کا شکار ہے۔ اردو کے پھیلاؤ کے حوالے سے کروڑوں لوگ شامل ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے غور کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ہم اردو کے حوالے سے اچھی چیزیں کر جائیں۔

جوان فوج میں ’ رومن ‘پڑھتا ہے

ممتاز صحافی عامر متین نے اپنی بات کچھ یوں شروع کی کہ اخبارات کو ریڈیو اور ٹی وی کے بعد ’آن لائن‘ کی صورت میں ایک بہت زیادہ بڑا چیلنج درپیش ہے، لیکن اس میں مواقع بھی زیادہ ہیں۔ اخبارات سکڑ رہے ہیں، آج اردو کا کوئی ہفت روزہ اور ماہ نامہ نمایاں نہیں۔ آج سیٹھ نے خود اپنے اخبار کو محدود کرکے بربادی کی شروعات کی۔ بطور ایڈیٹر ’دی نیوز‘ اشاعت بڑھانے کی کوشش پر کہا کہ آپ خرچے بڑھانے کی بات کر رہے ہیں! اخبار باہر ممالک میں بھی بند ہوئے، لیکن وہاں تخصیصی رسائل بھی چَھپ رہے ہیں۔ ذریعہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، لفظ اہم ہے۔ چاہے کسی بھی وسیلے سے آرہا ہے۔ اخبار کی اشاعت بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔ اور اگر اخبار کسی کو جگہ نہیں دیتا، تو آج سب کے پاس موقع ہے، لکھنے میں دَم ہوگا تو وہ سامنے آجائے گا۔ ہم ایک زبان میں گفتگو کے قابل نہیں رہے، بے تکان انگریزی الفاظ برتتے ہیں، ٹی وی نے اردو کے اچھے الفاظ قتل کر دیے۔ بالائی طبقے میں زبان پر توجہ نہیں۔ اب کوئی ’طلسم ہوش رُبا‘ نہیں پڑھتا۔ اکرام سہگل نے ’رومن اردو‘ میں میگزین نکالا، میرے اعتراض پر بولے کہ ’’ہمارے جوان کی ٹریننگ یہی ہے، وہ فوج میں ’رومن‘ ہی پڑھتا ہے۔‘‘

 جامعہ کراچی، اخبار کا کوئی ’کھوکھا‘ ہی نہیں؟

معروف دانش وَر صحافی غازی صلاح الدین نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اردو سرکاری زبان نہیں بنتی، ہم پروفیشنل اردو میڈیا بنا ہی نہیں سکتے۔ ابتدا ہی سے اردو میڈیا کے ساتھ مسئلہ رہا۔ آزادی کے وقت اردو میڈیا یک طرفہ تھا، کیوںکہ وہ تحریک کا حصہ تھا۔ اردو اور دیگر زبانوں میں ’ٹیبلائڈ‘ اور معیاری مواد کا معاملہ رہا ہے۔ ایک طرف مقبول اور دوسری طرف محدود لیکن اہم اخبارات ہوتے ہیں۔ اردو ذرائع اِبلاغ میں پیشہ ورانہ کمی ہوگئی، اسے بنیادی اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے تھی۔ ایک مقولہ ہے Journalism is literature in a hurry، مطلب یہ ہے کہ صحافت میں ہماری تحریر کا معیار ادب کو چھو رہا ہوگا۔ یہ تاریخ کا خام مواد ہے، تاکہ کل لوگ آج کے حالات کو سمجھ سکیں۔ ہم دونوں حوالوں سے بہت پیچھے رہ گئے، جب تک اجتماعی طور پر بہتر نہیں ہوں گے، میڈیا بہتر نہیں ہو سکتا۔ ہماری ’جین زی‘ باہر ملک جیسی نہیں ہے۔ جامعہ کراچی میں چالیس ہزار طلبہ ہیں۔ وہاں کبھی اخبار کا ’کھوکھا‘ نہیں رہا! پہلے ’کیمپس‘ کے اپنے اخبار ہوتے تھے، جس میں ان کی دل چسپی اور ان کے کیمپس کی خبریں شائع ہوتی تھیں۔

 رات کی خبر صبح کے اخبار میں کیوں؟

ممتاز صحافی مظہر عباس نے کہا کہ کئی سو سال کی تاریخ ہے، مختلف ادوار آتے رہتے ہیں، اس لیے پریشان ہوں اور نہ خوف کھائیں! ہر موبائل چلانے والا صحافی نہیں۔ ہماری دوسری زبانوں کے میڈیا نے وہ ترقی نہیں کی جو اردو اور انگریزی نے کی۔ انگریزی میں مزاحمت نظر آتی ہے کہ اس کی رسائی فیصلہ سازوں تک ہے، آج ڈان کتنے لوگ پڑھتے ہیں؟ لیکن اس سے زیادہ پریشانی ہوتی ہے۔ علاقائی زبانوں میں سندھی صحافت سب سے آگے ہے، گجراتی اخبار آتا تھا، وہ آگے نہ بڑھ سکا، پشتو اور پنجابی میں نہ ہو سکا، لیکن ’تجارتی نمونہ‘ سب کا یک ساں ہے۔ آج میں اخبار کیوں پڑھوں؟ اس میں اشتہار کے سوا کچھ نہیں۔ بہ جائے اس کے کہ اخبار اپنا طرزِتحریر بدلتے انھوں نے رات کی خبر ہی صبح کے اخبار میں دینے کی رِِیت اپنائی۔ رات کی خبر کے بہ جائے تفتیشی خبر کیوں نہیں؟ سرکاری اشتہارات کے لیے حکومت کی تائید کی گئی۔ ہمارے لیے تو خبر رکوائی گئی، لیکن ’سوشل میڈیا‘ پر نہیں روک پائے، اس وجہ سے مرکزی دھارے کی صحافت اعتبار کھو رہی ہے۔ جب خبر رک نہیں پا رہی تو ’میں اسٹریم‘ کو کیوں روک رہے ہیں۔ اس کے باوجود بھی لوگ کسی معتبر چینل کے ’آن لائن‘ ذرائع سے ہی تصدیق لیتے ہیں۔ برقی ذرائع اِبلاغ کو اینکر کی صنعت بنا دیا۔ ’اینکر‘ قوالوں کی طرح اپنی پوری ٹیم لے کر ایک چینل سے دوسرے چینل پر جاتا ہے، جس کی وجہ سے پہلے سے موجود لوگوں کو ہٹانا پڑتا ہے۔

 ایسی پابندی جنرل ضیا دور میں بھی نہ تھی!

صاحب اسلوب کالم نگار وصحافی وسعت اللّہ خان نے کہا کہ پہلے ہر محلے میں ایک اخبار کا اسٹال ہوتا تھا، جب اخبار مضبوط تھا، تو مالک اخبار فروشوں کی خوشامد کرتا تھا۔ آج سڑک پر شام کے اخبار بیچنے والوں کے چہروں کو دیکھیے، تو لگتا ہے کہہ رہے ہوں کہ اخبار لیجیے نہ لیجیے ہمیں پیسے دے دیجیے! جہاں نشیب ہوگا، پانی وہیں مرے گا۔ ٹی وی سے پہلے اشتہار اخبار کو ملتے تھے، اب ڈیجیٹل کو جاتے ہیں، جس کی رسائی دنیا بھر میں ہے، تو وہ کیوں ’ایجینسی‘ کے کمیشن والے راستے کو چنے گا۔ ایک گاؤں میں کپڑے کے بُندے بنانے والی کو تو معلوم بھی نہیں ’اشتہاری ایجینسی‘ کس بلا کا نام ہے، لیکن اُسے ’فیس بک‘ کا پتا ہے۔ میں چینل کیوں دیکھوں؟ میرا چینل ایک خاندان کی ملکیت ہے، ان کی ایک پوری تاریخ ہے، نانا پاٹیکر کے دنیا سے گزر جانے پر بات کرنا چاہی، تو بتایا گیا کہ نہیں کرسکتے، کیوں کہ یہ تو ایک ’’بھارتی شخصیت‘‘ ہیں! البتہ یہ سب فیس بک کے ذریعے بالکل کیا جا سکتا ہے۔ ریاست ایک بہت بڑا لطیفہ ہے، یہ 2026ء میں بھی 1926ء کی طرح سوچ رہی ہے، پوری دنیا ہی میں ایسا ہے۔ آج ہم عدالت کا فیصلہ بھی نشر نہیں کر سکتے، ایسا تو جنرل ضیا دور میں بھی نہ تھا۔ سماجی کارکن ایمان مزاری کو پہلے سترہ برس اور پھر دس برس سزا ہوئی، تو اس کا بھی پوچھنا پڑا کہ یہ خبر دینی ہے یا نہیں؟ 2021 میں نواز شریف اور اب عمران خان کا نام نہیں لیا جا سکتا۔

’فیکٹ چیکنگ‘ کو بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے وسعت اللّہ خان نے کہا کہ اگر آپ ’فیکٹ چیکنگ‘ کا ماہر نہ رکھیں، تو بہت بڑا مسئلہ ہوجاتا ہے۔ پوری دنیا ہی میں بیانیے کا گلا گھونٹا گیا۔ اپنی طرف کی حالت دیکھ کر پریشان ہوتا ہوں، پھر دیکھتا ہوں کہ عرب امارات، ایران، افغانستان، چین اور روس وغیرہ میں بھی تو لوگ زندہ ہیں۔ البتہ اب متوازی میڈیا وجود میں آرہا ہے۔ ایران میں بھی ایسے چینل بنائے جا رہے ہیں۔ آپ کی بھوک وہاں سے ختم ہو سکتی ہے۔ بہت سی چیزیں اردو میں ہضم نہیں کر پاتے انگریزی میں اجازت مل جاتی ہے کہ عوام تک پہنچتا ہی نہیں۔ آج ادارتی شعبے کا جنازہ نکل گیا ہے۔ تفتیشی خبر نگاری ’مرحوم‘ ہوگئی ہے، کسی بھی خبر کی گہرائی میں جائیں تو قوانین حرکت میں آئیں گے اور آپ کے خلاف تفتیش شروع ہو جائے گی۔ ’انڈین ایکسپریس‘ میں چیف الیکشن کمیشن پر خبر آئی، جس کا پھر ردعمل آیا۔ تیس سال پہلے تک ہمیں بھی آزادی تھی، آج کسی میگا کرپشن پر بات کی جائے تو مالکان کی طرف سے حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔

 صحافیوں کے پاس تقرر نامے تک نہیں!

’آج نیوز‘ کے چیف ایگزیکٹو آصف عزیز زبیری نے کہا امریکا میں بھی میڈیا روبہ زوال ہے۔ وہاں بھی ایک ہی خاندان سارے ذرائع خرید رہے ہیں۔ 1971ء میں فوج کے ہتھیار ڈالنے کی خبر ’اے ایف پی‘ سے آئی تھی، ’اے پی پی‘ اور ’پی پی آئی‘ نے یہ خبر نہیں دی تھی۔ ہم نے ہوش کے ناخن نہیں لیے، ہمیں آج بھی فون آتا ہے کہ فلاں خبر نہیں چلے گی۔ اور آدھے گھنٹے بعد عادل راجا وہی خبر (سوشل میڈیا پر) چلا رہا ہوتا ہے اور اسے پانچ ملین لوگ دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ سلطنت عثمانیہ کی چھے سو سالہ سلطنت چھاپے خانے پر پابندی لگانے کی وجہ سے ڈھے گئی، پریس نوٹ آجاتا ہے، ہمیں خبریں روکنے کا کہتے ہیں اور پھر خود متضاد باتیں کرتے ہیں۔ ایک منع کرتا ہے، دوسرا اس پر اعتراض کرتا ہے، جب کہیں کہ منع کیا گیا ہے تو کہتے ہیں کہ آدھے گھنٹے میں بتاتے ہیں اور پھر کبھی نہیں بتاتے۔ مظہر عباس نے اُن سے سوال کیا آپ کو ہدایات دی گئیں، لیکن آپ (میڈیا مالکان) نے کیوں مانی؟ اب کیوں کھڑے نہ ہوگئے؟ سارے اخبارات کو تو بند نہیں کیا جا سکتا؟ ایک پورے صفحے پر اشتہار کا مطلب پندرہ خبریں قتل کرنا ہوتا ہے۔ آصف عزیز زبیری نے سوال کیا کہ ’جب صحافی ہی کمپرومائزڈ ہے، تو مالکان کیا کریں؟ ’پی ایف یو جے‘ کیوں کچھ نہیں کرتی؟ مظہر عباس نے کہا ’لڑائی ہمی نے تو لڑی ہے، یونین آپ کا مقدمہ لڑتی تھی، آپ نے خود اپنی یہ ’فوج‘ ختم کی، آج صحافیوں کے پاس ’تقرر نامے‘ تک نہیں ہوتے، قتل ہونے والے 95 فی صد صحافی مستقل نہ تھے۔ آصف عزیز زبیری نے قرار دیا کہ آج مالکان ’مافیا‘ سے بدتر ہیں، میں تو خود اِن کے پلیٹ فارم پر جانا پسند نہیں کرتا۔ لوگ صحافت میں آئے ہی مال بنانے کے لیے ہیں۔ آپ کو کچھ کرنا ہے تو سوشل میڈیا کے ذریعے کریں۔

 اردو کے ایک شعر سے سب جاگ جاتے ہیں

’فروغ اردو میں علمی اور ثقافتی اداروں کا کردار‘ کے موضوع پر نشست میں نیشنل اکیڈمی آف پرفامنگ آرٹ (ناپا) کے سربراہ جاوید اقبال نے کہا کہ طلبہ یونین نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوا۔ وہاں سے ہمیں مختلف شعبوں کے لیے نئے لوگ ملتے تھے، اب اس نرسری کو بند کر دیا گیا۔ اِسے بعد کی حکومتوں نے بھی بحال نہیں کیا، تاکہ ان سے سوال نہ ہو۔ ورنہ پہلے بھرپور ’ہفتہ طلبہ‘ ہوتا، کراچی کے 83 کالجوں کی اپنی ٹیمیں ہوتیں، پھر ان میں مقابلے کے بعد لوگ سامنے آتے تھے۔ اصل افسوس جنرل ضیا کے بعد کے لوگوں پر ہے؎

رہ زنوں نے جو رہ زنی کی تھی

رہ بروں نے بھی کیا کمی کی تھی

شیخ الجامعہ سلیم حبیب یونیورسٹی ڈاکٹر عرفان حیدر نے کہا کہ ہمارے پاس ڈھائی ہزار طلبہ ہیں۔ اب ’طلبہ یونین‘ تو نہیں، لیکن ان کی جگہ مختلف ’طلبہ سوسائٹیاں‘ فعال ہیں۔ ان سے کام لیا جا سکتا ہے۔ آج کوئی کتاب نہیں پڑھ رہا، ہم مطالعہ پاکستان میں ملک کے مسائل پر دستاویزی فلمیں بنوا رہے ہیں۔ اس کے لیے وہ خود تحقیق کریں گے اور ’سیمسٹر‘ کے اختتام پر دو سو فلمیں تیار ہوں گی۔ مجھے اب ان بچوں کے لیے رضاکارانہ راہ نمائی کی ضرورت ہے، اردو تو اس میں آہی جائے گی۔ ہمارے لیکچر 90 فی صد اردو ہی میں ہوتے ہیں۔ میں نے بڑے بڑے انگریزی کے شناساؤں کو بھی انگریزی تقریر پر سوتے ہوئے دیکھا ہے، صرف ایک اردو کا شعر پڑھنے سے سب جاگ جاتے ہیں۔ ’سوشل میڈیا‘ پر ’مصنوعی ذہانت‘ کے ذریعے منتوع موضوعات پر بڑا اچھا ترجمہ کیا جا رہا ہے۔

 دینی مواد کا بھرپور اردو ترجمہ جاری ہے!

ممتاز محقق ڈاکٹر فصیح الدین نے کہا کہ اردو زبان ایک تہذیب کا نام ہے۔ 1970ء کی دہائی سے پہلے تک ہمارے ہاں اردو پڑھانے کے لیے اسلام آباد اور کراچی کے لوگ ہوتے تھے، پھر کراچی میں جو سیاست ہوئی، تو وہ سلسلہ جاری نہ رہا۔ 1947ء میں ابوالحسن ندوی نے ہندوستان سے پاکستان جانے والوں سے کہا تھا کہ آپ جن علاقوں میں جا رہے ہیں، وہ لوگ اتنے آگے نہیں ہیں، آپ لوگ ان کا مذاق نہ اڑائیں، بلکہ ان کی تربیت کریں، وہ کام نہ ہو سکا۔ ڈاکٹر فصیح الدین نے ڈاکٹر نجیبہ عارف کے اس بیان کہ ’اردو کا مستقبل مدارس سے وابستہ ہے۔‘ کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ مدارس کی عربی اور فارسی کی دیرینہ کتب بہت بڑے پیمانے پر اردو میں ترجمہ ہو رہی ہیں۔ عربی کلاسیک کے دھڑا دھڑ اردو ترجمے ہو رہے ہیں، پھر مسلکی انداز سے بھی ترجمے جاری ہیں، ایک کے بعد دوسرے مسلک سے ترجمہ ہوتا ہے۔ پوری بارہ، پندرہ جلدوں کے ترجمے سامنے آئے ہیں، ’ابن کثیر‘ اور ’تفسیر کبیر‘ جیسی تفاسیر کا اردو ترجمہ ہوچکا ہے۔ اب احادیث کے مجموعے، فقہ، شیوخ الحدیث کی کتب، ’منصف ابی شیبہ‘ وغیرہ تک کے بھی اردو ترجمے ہوگئے ہیں۔ بعض تراجم پینتالیس جلدوں تک پر مشتمل ہیں۔ بہت سے مدارس کے اردو جرائد بھی ستر، اسی سال سے مستقل جاری ہیں۔ انھوں نے دعوت دی کہ ’انجمن ترقی اردو‘ کی اگلی کانفرنس پشاور میں بھی ہو سکتی ہے اور ’اکادمی ادبیات‘ میں بھی ممکن ہے۔

 اردو تنظیموں کو جامعات میں متعارف کرائیں

’اردو لغت بورڈ‘ کے نگراں طارق بن آزاد نے کہا کہ ادارے بنانے والوں کے پاس ایک بصیرت ہوتی ہے، جو پھر بعد میں آنے والوں میں نہیں دکھائی دیتی، لیکن اس وقت خوش قسمتی سے اس وقت ایسا نہیں ہے اور اردو کے حوالے سے تمام اداروں میں ایک تعاون کی فضا فروغ پا رہی ہے۔ بابائے اردو نے انجمن ترقی اردو کے ساتھ ’اردو سائنس بورڈ‘ اور ’اردو لغت بورڈ‘ کی بنیاد بھی رکھی تھی، اب تمام اداروں میں رابطہ ہے، اس لیے سب ایک دوسرے کے وسائل اور کام سے استفادہ کریں گے۔ ان اداروں کو جامعات کے طلبہ سے متعارف کرانے اور کارکردگی کو اوپر تک پہنچانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ اس سے عدم واقفیت کی بنا پر انھیں اہمیت نہیں دی جاتی۔ ’اردو لغت‘ کے چھاپے خانے کو اب انجمن اور دیگر مطبوعات کی طباعت واشاعت کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ صدر انجمن واجد جواد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جامعات سے رابطے کے سلسلے میں سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی سے بات کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن کوئی مثبت جواب نہ آسکا۔

 اساتذہ اور طلبہ سب کی خدمت کر رہے ہیں

انجمن ترقی اردو کی معتمد ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی نے گفتگو کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ میں اردو کے مستقبل سے پرامید ہوں، ہم نے ’ناپا‘ میں شیکسپیئر کے ڈراموں سے لے کر فرانسیسی کھیل تک دیکھے ہیں۔ وہاں لکھنؤ کی داستان گوئی اور ’اردو پڑھنت‘ کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ ہم اداروں کے اشتراک سے آگے بڑھیں گے۔ ’انجمن ترقی اردو‘ کے قومی زبان میں ہم ہر سال خاص شمارہ نکالتے ہیں۔ اس بار پونے تین سو صفحات پر مشتمل ’حسرت موہانی نمبر‘ نکالا ہے۔ ہم اپنے ’ایچ ای سی‘ سے منظور شدہ تحقیقی جریدے میں بلامعاوضہ مقالے شائع کرتے ہیں۔ ماہ نامہ ’قومی زبان‘ کے لیے پنجاب اور دیگر علاقوں سے بہت شان دار مضامین ملتے ہیں۔ ’انجمن‘ کے ذریعے اساتذہ اور طلبہ سب کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے۔

 تین خاص مہمان

دو روزہ ’قومی زبان کانفرنس‘ میں ملتان سے تشریف لانے والے ڈاکٹر انوار احمد، کوئٹہ سے ڈاکٹر آغا ناصر اور خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر فصییح الدین کی دل چسپ، معلوماتی اور بذلہ سنج گفتگو شرکا کے لیے ایک خاصے کی چیز رہی۔ بالخصوص ڈاکٹر انوار احمد کی سادہ انداز میں اپنے مقررین کو مقررہ وقت میں محدود رکھنے کے لیے مداخلت نے سنجیدہ محفل کو زعفران زار بنائے رکھا کہ جب وہ فراست رضوی کو یہ کہہ کر ٹوک دیتے ہیں کہ ارے، آپ تو کراچی میں ہی ہیں، باقی بات پھر کرلیجیے گا، ابھی تو ہمیں بات کرلینے دیجیے۔ ایسے ہی ڈاکٹر آغا ناصر کے میٹھے سے دھیمے انداز میں اظہارخیال سے قارئین کی سماعتوں پر گہری اور مضبوط گرفت رہی، وہ بلوچستان میں اردو کی وسعت اور وہاں کے ثقافتی تنوع پر بہت دل فریب گفتگو کرتے رہے۔ خیبر پختونخوا سے ڈاکٹر فصیح الدین نے اردو سے محبت اور اس میں ہونے والے حالیہ تراجم پر گفتگو سے حاضرین کو سحر زدہ کیے رکھا۔

 ’قومی زبان‘ کے خصوصی شماروں کا سلسلہ

انجمن ترقی اردو کی معتمد ڈاکٹر یاسمین سلطانہ فاروقی 2021ء سے ماہ نامہ ’قومی زبان‘ کی مدیر کی ذمے داریوں پر بھی فائز ہیں، جس کے بعد انھوں نے ہر سال خصوصی شمارے نکالنے کی روایت کو فروغ دیا۔ اسی سلسلے میں ’قومی زبان کانفرنس‘ میں ماہ نامہ ’قومی زبان‘ کے ’حسرت موہانی نمبر‘ کی رونمائی بھی ہوئی اور تمام مہمانوں کو ’انجمن ترقی اردو‘ کی مطبوعات کا تحفہ بھی دیا گیا۔ اس سے قبل ماہ نامہ ’قومی زبان‘ کے ضخیم مرزاغالب، امیرخسرو، میر تقی میر، بابائے اردو، ابن انشا، شوکت صدیقی، طنزو مزاح نمبر بھی شائع ہو چکے ہیں۔ 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }