نہرو رپورٹ اور قائد کے نکات نے تقسیم ہند کی بنیاد رکھ دی تھی

7

قسط نمبر۔6

آج یہ یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ 1929 ء میں جب نہرو رپورٹ کے جواب میں قائدا عظم محمد علی جناح اپنے 14 نکات پیش کرچکے تھے اُسی وقت برصغیر کی تقسیم کا بیج بو دیا گیا تھا۔ یہ بیج فوراً پھوٹا اور اس کے لیے عالمی سطح پر ازخود ایسے حالات و واقعات رونما ہو نے لگے کہ یہ پودا درخت بن گیا۔ مقامی طور پر اگر تسلیم بھی کر لیا جا ئے کہ مہا تما گاندھی، مولانا ابو الکلام آزاد ،دونوں ہی ہندوستان کی تقسیم کے مخالف تھے تو بھی نہرو ،سردار ولبھ بھائی پٹیل اور ان کے حمایتی کانگریس میں 90 فیصد سے زیادہ تھے جو میثاق لکھنو کو رد کر چکے تھے۔

کانگریس کے یہ انتہا پسند ہندوستان کو ہندو اکثریت کی بنیاد پر آزاد اور خومختار بنانا چاہتے تھے۔ اگرچہ ہندوستان میں مسلمان دوسری بڑی اکثریت تھے مگر یہ ہند و لیڈر جمہوری اور آئینی طور ہندو اکثریت سے مسلمانوں کو محکوم رکھنا چاہتے تھے۔ ہند وستان میں شدھی تحریک اور آر ایس ایس کا پروگرام یہ تھا کہ وہ ہندوستان کی دوسری بڑی آبادی یعنی مسلمانوں کو ہندواکثریتی بنیاد پر آئین کے تابع کر نا چاہتے تھے۔ اِن کا منصوبہ طویل مدتی اورمسلمانوں کے مستقبل کی تباہی پر مبنی تھا۔ وہ پہلے مرحلے میں دو تہائی اکثریت سے اپنی مرضی کے آئین کی تشکیل چاہتے تھے جوحقیقتاً سرکاری اور ریاستی سطح پر تو سیکولر تھا مگر الیکشن میں ایک جانب تقریباً 70 فیصدہند و ووٹ تھے۔

اُس وقت بدقسمتی سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد بھی کانگریس کی حامی تھی۔ کانگریس آئین کی تشکیل کے بعد مستقبل میں مرحلہ وارآئینی ترامیم کرکے 30 فیصد مسلمانوں کی شناخت ختم کر نے کا منصوبہ رکھتی تھی۔ اس کی مثال اب سامنے ہے۔ 5 اگست 2019 ء کو بھارت کی مودی سرکار نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی آئین میں ریاست جموں و کشمیر اور اس کی مسلم اکثریتی آبادی کو جو آئینی تحفظ آرٹیکل370 کے تحت دیا ہوا تھا اُسے ختم کر دیا۔ اس آرٹیکل کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کوخصوصی خود مختاری حاصل تھی۔ بھارتی مقبو ضہ جموں وکشمیر کی ریاست ماسوائے دفاع ، مواصلات اور امور خارجہ کے باقی تما م حکومتی ، انتظامی امور میں آزاد و خو مختاری تھی۔

اب 370 آرٹیکل کے خاتمے سے کشمیر کی حیثیت بھی بھارت کے دوسرے صوبوں کی طرح ہو گئی ہے۔ اسی طرح بھارتی آئین کے آرٹیکل 35-A کے تحت مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کو یہ ضمانت حاصل تھی اُن کی اکثریت کو کبھی اقلیت میں تبدیل نہیں ہو نے دیا جائے گا، یعنی 35-A کے تحت بھارتی مقبوضہ کشمیر میں صرف کشمیریوں کو یہاں کی شہر یت کا حق تھا۔ بھارت یا دنیا کے کسی علاقے کا کوئی شخص یہاں نہ توجائیداد خرید سکتا تھا نہ ہی اس کو کسی صورت کشمیر کی شہریت مل سکتی تھی۔ بھارت سے کوئی یہاں آکر ڈو میسائل نہیں لے سکتا تھا ، کشمیریوں کو اطمینان تھا کہ کشمیر ہمیشہ ہی مسلم اکثریت کی بنیاد پر کشمیریوں کا ہی رہے گا مگر اب بھارت کا کوئی بھی شخص یہاں مستقل بنیادوں آباد ہو سکتا ہے وہ کشمیر کا ڈومیسائل حاصل کرسکتا ، اب اندیشہ ہے کہ آئندہ چند برسوں میں کشمیر ہندو اکثریت کی ریاست بن جائے گی، جیسے فلسطین میں یہودی اکثریت ہو چکی ہے۔ قائد اعظم کے14 نکات میں دیکھیں تو قائد اعظم نے اس اندیشے کے پیش نظر اس طرح کی کسی بھی کوشش کی پیشگی مذمت کی تھی ۔

 1930 ء سے 1934 ء تک دنیا بھر میں تاریخی نوعیت کی تبدیلیاں رونما ہو رہی تھیں ،ہند وستان میں مہاتما گاندھی کی سول نافرمانی اور نمک مارچ جاری تھا۔1930 ء امریکی ماہر فلکیات کلائیڈ ٹومباگ نے نظام شمسی کا نواں سیارہ پلوٹو دریافت کر لیا ،یوراگوئے میں پہلا فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کھیلا گیا جو میزبان ملک ہی نے جیت لیا ، 1931 ء میں جاپان نے حملہ کرکے چین کے علاقے منچوریا پر قبضہ کر لیا اور لیگ آف نیشن کا ادارہ کچھ نہ کر سکا ،اسپین میں بادشاہت کا خاتمہ ہوا آخری بادشاہ الفونسو XIII ملک چھوڑ گئے یہاں دوسری ہسپانوی جمہوریہ قائم ہو گئی۔ 30 جنوری1933 ء کو ایڈولف ہٹلر جرمنی کے چانسلر بن گئے، حکومت تشکیل دینے بعد ہی ہٹلر نے نازی ازم نافذکر دیا۔

تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کردی۔ 1934 ء نائٹ آف دی لانگ نائف Night of the Long Knives ہٹلر نے اپنی فوج اور نازی پارٹی میں ممکنہ سیاسی مخالفین کو قتل کر دیا ۔ روس میں پہلی جنگ عظیم کے خاتمے سے ایک سال قبل 1917 ء میں لینن اسٹالن کیمونسٹ انقلاب لے آئے تھے۔ ابتدائی برسوں میں یہاں ریڈ آرمی حکومتی انقلابی فوج اور انقلاب کی مخالف وائٹ آرمی کے درمیان جنگ جاری رہی 1924 ء تک پہلے 7 برسوں سوویت کی انقلابی حکومت مستحکم نہیں ہوئی تھی برطانیہ ، امریکہ ، فرانس اور دیگر سرمایہ دارانہ معیشتوں کے حامل ممالک سوویت یونین کی اس صورتحال کا مشاہد ہ کر رہے تھے اِن کاخیال تھا کہ یہ خانہ جنگی ہی روس کے اشتراکی انقلاب کو نگل جائے گی۔ لینن کے انتقال کے بعد جب اسٹالن اقتدار میں آیا تو اُس نے سختی سے اپنے اور انقلاب کے مخالفین کو ختم کر دیا ۔

اُس کی خوش قسمتی کہ اسی دوران دنیا میں عظیم عالمی کساد بازری نمودار ہوئی۔ سوویت یونین میں سرمایہ دارانہ نظام نہیں تھا اس لیے اشتراکی معیشت کی بنیا د پر سوویت یونین کساد بازاری کے منفی اثرات سے محفوظ رہا۔ اسٹالن نے 1928 ء سے 1933 ء سوویت یونین کی معاشی اقتصادی ترقی کا پنجسالہ منصوبہ دیا تھا جس کے اہداف کو ایک سال قبل 1932 ء ہی میں حاصل کر لیا گیا۔ اس دوران دنیا میں معاشی بحران تھا سوویت یونین نے صنعتی ترقی میں ریکارڈ کا میابی حاصل کی۔ بھاری صنعتوں کی پیداوار میں 350 فیصد اٖضافہ کیا، کوئلے کی پیداوار دوگنی ہو ئی، بجلی کی پیداوار میں تین گنا اضافہ ہوا۔ اسی تیز رفتار صنعتی ترقی کی وجہ سے سوویت یونین دوسری جنگ عظیم سے قبل دنیا کی بڑی صنعتی قوتوں کے مقابل کھڑا ہو گیا۔ سوویت یونین بھاری اسلحہ اور ہتھیار کی صنعت میں بھی بہت ترقی کر گیا۔ جبکہ زرعی شعبے میں کیمو نسٹ معیشت کو نافذالعمل کر نے میں اسٹالن نے اُس وقت بہت قتل عام کیا جب زراعت میں اجتماعی کاشت کاری کی پالیسی کو سختی سے اپنایا، کسانوں اپنے مویشیو ں کو حکومت کے حوالے کر نے کے لیے تیار نہیں تھے اسی طرح وہ اپنے کھیتوں کی ملکیت سے دستبردار ہو نے پر آماد نہیں تھے ، کسانوں نے شدید مزاحمت کی۔

 اپنے کھیتوں کو آگ لگادی ، اسٹالن نے سخت اقدامات کئے مشترکہ یا اجتماعی زراعت کا نظام طاقت کی بنیاد پر نافذ کیا۔ اس صورتحال کی وجہ سے 1932-33 ء میں قحط رونما ہو ا جس کے سبب سوویت یونین میں لاکھوں افراد ہلاک ہو ئے۔ یہ حقیقت ہے کہ اسٹالن کے دور میں سختی اور ظلم رہا جس کی مذمت اُس وقت بھی کی گئی آج بھی کی جاتی ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اسٹالن نے اپنے دور میںنہ صرف سوویت یونین پر اپنی حکومت مستحکم کر لی بلکہ اشتراکی معیشت کو بھی دنیا کے سامنے مثالی انداز سے کامیاب کر دکھایا۔ فرض کریں کہ اگر روس میں جنگِ عظیم اوّل کے خاتمے کے بعد کیمونسٹ انقلاب آتا تو جنگ کے فاتح کی حیثیت سے مقبوضات میں روس کا حصہ زیادہ ہو تا مگر دوسری جانب جنگ سے ایک سال پہلے نکل آنا خانہ جنگی کے باوجود روس اور اس کے انقلاب کے لیے فائدہ مند رہا۔ 1932 ء میں کیمونسٹ انقلاب کے پندرہ برس بعد سوویت یونین امریکہ اور بر طانیہ کے مقابلے کا ملک بن چکا تھا جس نے عالمی کساد بازاری میں بحیثیت ایک بڑے ملک کے ساڑھے تین گنا تیز رفتار ترقی کی تھی۔

 1930 ء سے 1934 ء تک کے عرصے میں برطانیہ ، امریکہ اور پھر خصوصاً جرمنی اور سوویت یونین میں جو حالات و، واقعات رونما ہورہے تھے اِن سے قائداعظم ، علامہ اقبال سمیت مسلم لیگ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ شخصیات واقف تھیں مگر قائداعظم اُس وقت کے اُن عالمی سطح کے رہمناؤں میں شامل تھے جو اِن عالمی حالات و واقعات سے نہ صرف واقف تھے بلکہ اِن کا تجزیہ کرکے ہندوستان میںاِ ن کے اثرات کو بھی سمجھ رہے تھے جرمنی اور سوویت یونین اُس وقت دنیا میںنئے ابھرنے والے ممالک تھے جب کہ امریکہ جنگ ِ عظیم اوّل کے بعد واقعی دنیا کی سپر پاور بن چکا تھا۔

 چونکہ برطانیہ امریکہ جنگ عظیم اوّل سے پہلے ہی کزن کنٹری بن چکے تھے اس لیے بر طانیہ کی بجائے امریکہ کے سپر پاور بننے کا اعلان نہیںہوا تھا۔ امریکہ اب دنیا میں زیادہ اہمیت اختیار کر گیا تھا۔ مغرب کے مقابلے میں سوویت یونین کیمونسٹ نظریات کے ساتھ میدان میں تھا۔ انقلاب روس کے دس سالہ جشن پر1927 ء میں پنڈت جواہر لال نہرو نے دورہ روس کا کیا تھا۔ اسی طرح جرمنی اسپین ، ہنگری اور آسٹریا سے بادشاہتیں رخصت ہو گئی تھیں اور جمہوری حکومتیں قائم ہو چکی تھیں۔ قائد اعظم کے علاوہ مسلم لیگ کی چند ہی شخصیات تھیں جو اِن موضوعات پر بات چیت کرکے کسی حد تک منصوبہ بندی بھی کیا کرتی تھیں ۔ دوسری طرف کانگریس کے کافی اراکین عالمی تعلقات ، سیاست ، سفارت کاری اور عالمی اقتصادی صورتحال پر گہری نظر رکھتے تھے۔

ضروری ہے کہ 1900 ء سے 1947 ء تک شائع ہو نے والی مشہور کتابوں پر نظر ڈال لی جائے ،،عالمی تاریخ،، (world History ) Glimpses of History عالمی تاریخ کی جھلکیاں ، یہ مشہور کتاب جواہر لعل نہرو کے اُن 196 خطوط کا مجموعہ ہے جو انہوں نے 1934 ء میں قید کے دوران اپنی بیٹی اندرا گاندھی کو لکھے تھے۔ اس کتاب میں جواہر لعل نہرو نے چنگیز خان سے لے کر پہلی عالمی جنگ 1918 ء تک عالمی تہذیبوں کے عروج و زوال کا ایک طویل ذکر اور تجزیہ کیا ہے۔ the Discovery of India ( تلاش ہند ) یہ کتاب بھی جواہر لعل نہرو نے لکھی جو1946 ء میں شائع ہو ئی۔ یہ کتاب بھی بنیادی طور پر ہندوستان کی تارریخ پر ہے مگر اس میں ہندوستان کو عالمی تاریخ اور بین الاقوامی تناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ اس قبل( نو آبادیاتی سیاست اور معاشیات ) Political Economy : Poverty and Un-Britsh Rule in India داد ا بھائی نووروجی نے لکھی تھی اور 1901 ء میں شائع ہو ئی تھی۔ دادا بھائی نوروجی کو انڈیا کی پارلیمانی جمہوری سیاست کا بابا آدم کہا جا ئے تو یہ بہت حد تک صحیح ہو گا داد بھائی نوروجی4 ستمبر1825 ء کو یعنی قائداعظم سے49 سال پہلے بمبئی کے غریب پارسی خاندان میں پید ا ہو ئے اور 30 جون 1917 ء کو یعنی میثاق لکھنو کے ایک سال بعد انتقال کر گئے۔ دادا بھائی نوروجی Grand Old Man of India کہا جاتا ہے۔ وہ 1892 ء میں لبرل پارٹی کے ٹکٹ پر لندن کے حلقے فنز بری سنٹرل سے منتخب ہو کر برطانوی ہاؤس آف کامنز (ایوان زیریں ) میں پہنچے۔

یوں دادا بھائی نوروجی وہ پہلے ایشائی اور ہندوستانی تھے جو بر طانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو ئے تھے۔ لندن میں ہو نے والے اِن انتخابات میں قائد اعظم محمد علی جناح نے اُن کے لیے انتخابی کیمپ میں کام کیا تھا ۔ وہ انڈیا کی نیشنل کانگریس پارٹی کے بانی ارکان میں شامل تھے وہ تین مرتبہ 1886 ء ۔1893 ء اور1906 ء میں کانگریس کے صدر منتخب ہو ئے۔ ہندوستان کے د ونوں عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح اور مہاتما گاندھی دادا بھائی نوروجی کو اپنا سیاسی استاد اور محسن تسلیم کر تے ہیں۔ اُنہوں نے ہی ’ڈرین تھیوری‘ پیش کی تھی جس میں سائنسی تحقیقی بنیادوں پریہ واضح کیا تھا کہ برطانوی راج میں تجارت اور ٹیکسوں کی آڑ میںانڈیاکی دولت مسلسل برطانیہ منتقل ہو تی رہی۔ اُنہوں نے ( Political Economy )Poverty and Un- Britsh Rule in India نامی اپنی کتاب میں تفصیل سے بتا یا کہ کس طرح نو آباد یاتی استحصال برصغیر میں شدید غربت کی بنیادی وجہ ہے۔ یہ کتاب بین الاقوامی سیاسایت اور معیشت میں ایک سنگِ میل ہے۔ قائداعظم نے دادا بھائی نوروجی سے بہت کچھ سیکھا۔ وہ دادا بھا ئی نوروجی کے پرائیویٹ سیکرٹری بھی رہے۔

اُن کی اس کتاب سے قائد اعظم نے بہت استفادہ کیا۔ اس کے بعد اہم کتاب دی اکنامکس ہسٹری آف انڈیا The Economic History of India ہے۔ رمیش جندر دت کی یہ کتاب1902 ء میں شائع ہوئی۔ اس کتاب میں عالمی معاشی نظام اور نو آبادیاتی پالیسیوں کا گہرا سیاسی تجزیہ ہے جوبر طانوی راج کے معاشی اثرات کو بے نقاب کر تا ہے۔ ( بین الاقوامی قوم پرستی اور فلسفہ ) National and Global Politis قوم پرستی پر رابندر ناتھ ٹیگور کی یہ کتاب 1917 ء میں شائع ہو ئی۔ یہ کتاب اُن کے اُن تقاریر پر مبنی ہے جو اُنہوں نے پہلی جنگ ِ عظیم کے دوران جاپان اور امریکہ میں کیں۔ اُنہوں نے مغربی طرز کی قوم پرستی اور سامراجی سیاست پر کڑی تنقید کی اور اسے انسانیت کے لیے خطرہ قرار دیا۔ علامہ محمد اقبال انگریز سر کا ر نے سر کا خطاب دیا تھا جبکہ اس سے قبل ہندوستان ، افغانستان اور ایران کے عوام اُن کو علامہ ، شاعرِ مشرق، اور حکیم الامت کے خطابات دے چکے تھے۔ علامہ اقبال کی کتابیں 1903 ء سے اُن کی وفات 1938 ء تک شائع ہوتی رہیں۔ پہلی کتاب علم الاقتصاد1903 ء میں شائع ہوئی جو اردو میںمعیشت پر پہلی کتاب تھی۔ تاریخ ہند 1913-14 ء بطور نصابی کتاب شائع ہو ئی۔ The Reconstruction of Religious Thought in Islam تشکیل جدید الہیات اسلامیہ انگریزی خطبات کا مجموعہ ہے جو 1928 ء میں شائع ہوا ، علامہ اقبال کے پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ 1907 ء میں مکمل ہواThe Development of Metaphysics in Persia کے انگریزی عنوان کے ساتھ پہلی مرتبہ 1908 ء میں شائع ہوا۔

اردو میں( ایران مین مابعد الطبیعیات کا ارتقا ) ہے اقبال نے جرمنی کیLudwig Maximilian University Munich) ) میونخ یونیورسٹی سے 1907 ء میں پی ایچ ڈی کی۔ اقبال کے شاعری کے مجموعے آٹھ ہیں اسرار خودی (فارسی ) 1915 ء میں شائع ہوا، رموز ، بے خودی (فارسی) 1918 ء پیام مشرق( فارسی ) 1923 اردو کا پہلا شعری مجموعہ بانگِ درا 1924 ء زبور ، عجم (فارسی) 1927 ء جاوید نامہ اردو شاعری 1932 ء بالِ جبرئیل (اردو ) 1935 ء ضربِ کلیم(اردو)1936 ء پس چہ بالید کرد اے اقوام شرق(فارسی) 1936 ء میں شائع ہوئی جبکہ1938 ء میں اُن کی وفات کے فوراً بعد اردو وفارسی شعری مجموعہ ارمغانِ حجاز شائع ہوا۔ مولانا ابوکلام آزاد انڈین نیشنل کانگریس کے صفِ اوّل کے نمایاں لیڈر تھے اُنہوں نے تحریک آزادی کے لیے قید کی سزا بھی کاٹی مولانا ابو کلام آزاد صاحب طرز نثر نگار ہیں۔ جس طرح پندت جوہرا لعل خوبصورت انگریز ی بولتے لکھتے تھے اسی طرح ابوا کلام کی شخصیت اردو نثر کے اعتبار سے بہت بھاری ہے۔ دوسری جانب وہ ہندوستان میں بہت بڑے عالم دین ، مفسر اور اسلامی اسکالر بھی تھے۔ اُن کی تقریر و تحریر آج بھی اسلامی علوم ، اردو ادب اور سیاسی تاریخ کے اعتبار سے اہم ہے۔ مولانا ابوکلام ہندوستان کی تقسیم اور پاکستان کے قیام کے مخالف تھے مگر نظریاتی اختلاف کے باوجود جو خو بیاں بطور دین اسلام کے اسکالر مفسر اور اردو ادب میں نثری نگاری کی بنیاد پر مولانا ابوکلام آزادکے ہاں ملتی ہیں وہ اُن کی ادبی علمی شخصیت کو بہت بلند کرتی ہیں۔

مولانا ابوکلام آزاد کی پہلی کتاب تذکرہ 1919 ء میں شائع ہو ئی یہ سوانحی اور تاریخی نوعیت کی کتاب ہے مگر طرز تحریر کے اعتبار سے یہ اُپنا خاص ادبی مقام بھی رکھتی ہے۔ ،، قول ِ فیصل،، 1922 ء میںشائع ہوئی یہ تاریخی بیان ہے جو مولانا نے 1921 ء میں گرفتاری کے بعد برطانوی عدالت کے سامنے پیش کیا تھا اس بیان کو بعد میں کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔ اردو نثر کے اعتبار سے مو لانا ابوکلام آزاد کی شہکار کتاب غبار ِ خاطر ہے یہ اُن کے اُن 24 خطوط کا مجموعہ ہے جو اُنہوں نے قلعہ احمد نگر میں1942 ء تا1945 ء اپنی قید کے دوران لکھے تھے۔ اُن کی دیگر اہم تصانیف و رسائل میں مسئلہ خلافت 1920 ء میں شائع ہو ئی، یہ تحریک ، خلافت کے دوران لکھی گئی،، البیرونی اور جغرافیہ 1947 ء تاریخ اور جغرافیہ پر ہے، جبکہ دینی موضوعات پر بھی ان کی بہت سی کتابیں موجود ہیں۔

یہاںاس دور کے کچھ اہم واقعات کا تذکرہ بھی بے محل نہ ہو گا۔

 8 مارچ1930 ء کا ایک اہم واقعہ چٹا گانگ میں انگریزوں کے اسلحہ ڈپو پر سوریاسن کی قیادت میں حملہ تھا جس میں انقلابی شامل تھے، اسی سال 23 اپریل کو خان عبدالغفار خان خدائی خد متگار کے پُر امن مظاہرے پر قصہ خوانی بازار میں فوج نے اندھا دھن فائرنگ کی جس کی وجہ سے سینکڑو ں افراد جاں بحق ہو گئے۔ 12 نومبر1930 ء سے 19 جنوری 1931 ء ہاوس آف لارڈز لندن میں پہلی گول میز کانفرنس منعقد ہو ئی جس کا افتتاح برطانوی بادشاہ جارن پنجم نے کیا اور صدارت بر طانوی وزیر اعظم لارڈ ریمزے میکڈونلڈ نے کی۔ اس کا مقصد سائمن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں ہندوستان کے آئینی مستقبل اورسیاسی اصلاحات پر غور کر نا اور برطانوی ہند اور ریاستوں کے نمائندوں سے تبادلہ خیالات کر نا تھا۔ مسلم لیگ سے قائدا عظم کے ساتھ آغا خان سوئم سر محمد شفیع اور مولوی فضل حق شامل تھے۔

ہند و سھبا اور دیگر میں بی ایس مونجے ، ایم ار جے تھے۔ کانگریس نے اس کا بائیکاٹ کیا تھا اور اُن کی جانب سے سول نافرمانی کی تحریک جاری تھی ،یوں کانگریس کی عدم شمولیت کی وجہ سے کو ئی حتمی تجا ویز مرتب نہ ہو سکیں ۔1931 ء میں ہی گاندھی اور وائسرائے لارڈ ارون کے معاہد ہ ہو گیا جس کے تحت گاندھی نے سول نافرمانی کی تحریک معطل کرد ی اور دوسری گول میز کانفرنس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی۔ 23 مارچ 1931 ء بھگت سنگھ ، راجگرو اور سنگھ یوکو پھانسی دے دی گئی۔ تیسری گول میز کانفرنس7 ستمبر 1931 ء سے یکم دسمبر 1931 ء لندن میں منعقد ہو ئی۔ کانگریس کی جانب سے واحد نمائندگی گاندھی جی نے کی۔ مسلمان رہنماوں میں علامہ اقبال اور قائد اعظم کے علاوہ آغا خان سوئم ، اور چودھری رحمت علی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔ اس کانفرنس میں بر طانوی وزیر اعظم اور بر طانوی حکومت کے نمائندے بھی شامل تھے چونکہ بات ہندوستان کے آئین اور اصلاحات کی تھی اس لیے مسلم لیگ کی کوشش تھی کہ ہندوستان میں مسلمانوں کی شناخت اور حقوق کی مستقل بنیادوں پر ضمانت کے ساتھ ہندوستا ن کا آئین تشکیل پائے ، جب کہ گاندھی اقلیتوں کے حقوق اور مطالبات پرغیر لچکدار موقف پر قائم رہے، جس کی وجہ سے بر صغیر کی دوسری اقلیتو ں اورجماعتوں کے رہنما مطمئن نہیں ہو ئے۔

یعنی گول میز کانفرنس میں بھی اتفاق رائے نہ ہو سکا۔ 16 اگست 1932 ء کو بر طانوی وزیر اعظم لارڈ ریمزے میکڈونلڈ نے ہندوستان کے لیے کیمو نل ایوارڈ کا علان کر دیا۔ اس فیصلے کے تحت دلتوں ، اچھوتوں اور اقلیتوں کے لئے جداگانہ طریقہ انتخاب کی منظوری دیدی گئی۔ گاندھی جی کا موقف یہ تھا کہ کیمونل ایوارڈ کے ذریعے ہندو معاشرہ ہمیشہ کے لیے تقسیم ہو جا ئے گا ،گاندھی اُس وقت پونا کی سینٹرل جیل میں قید تھے اس یوارڈ کے خلاف اُنہوں نے جیل میں مرن بھرت ( تادمِ مرگ بھوک ہڑتال)کردی تھی۔ ڈاکڑ بی آمبیڈکر کا موقف دلتوں اچھوتوں کے حق میں تھا۔ گاندھی کی نازک حالت کو دیکھ کر ڈاکٹر امبیڈکر اور گاندھی کے درمیان جیل میں مذاکرات ہو ئے ، درمیانی راستہ نکالا گیا اور معاہد ہ پونا ہو گیا۔ اس میں کہا گیا کہ ہندو اور دلت مل کر ووٹ دیں گے۔ صوبائی اسمبلی کی 71 مخصوص نشستوں کی تعداد بڑھا کر 148 کر دیا گیا۔ مرکزی اسمبلی میں مخصوص نمائندگی نہیں تھی۔ مرکزی اسمبلی میں عام ووٹرز کی نشستوں کا 18 فیصد دلتوں کے لیے مخصوص کی گیا۔

اسی دوران نوجوان طالب علم رحمت علی نے پاکستان کا نام تجویز کیا اور اس پر کتابچہ شائع کیا جس کا نام Now or Never (اب یا کبھی نہیں) شائع کیا۔ تیسری گول میز کانفرنس 17 نومبر تا24 دسمبر1932 ء لندن میں منعقد ہوئی۔ اس کانفرنس میں کانگریس اور گاندھی نے شرکت نہیں کی۔ قائداعظم بھی شریک نہیں ہو ئے اور برطانیہ کی لیبر پارٹی نے بھی تیسر ی گول میز کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔ ہندوستان سے 46 نمائندوں نے شرکت کی جن میں مسلم لیگ کی طرف سے،، علامہ اقبال اور سر آغا سوئم ، دلتوں کے اہم نمائندے ڈاکٹرامبیڈکر نے شرکت کی تھی۔ تیسری گول میز کانفرنس پہلی دوکانفرنسوں کے مقابلے مختصر اور غیر مو ثر رہی مگر اس تیسری گول میز کانفرنس میں گذشتہ دو کانفرنسوں ، سائمن کمیشن کی تجاویز کی روشنی میں آئینی اصلاحات کا حتمی خاکہ تیار ہوا۔

پھرمارچ1933 ء بر طانوی پارلیمنٹ کے سامنے وائٹ پیپر (White Paper ) کی شکل میں پیش کیا گیا۔ اسی کی بنیاد پر (Government of India Act 1935 ) قا نون ِ ہند مجریہ 1935تشکیل پایا یعنی قائداعظم نے 1916 ء میثا ق لکھنو سے جو جد وجہد شروع کی تھی 1935 ء قانون ہند کی تشکیل میں اس سے متعلق 80 فیصد مطالبات کو تیسری گول میز کانفرنس میں علامہ اقبال کی موجود گی میں حتمی شکل دی گئی۔ واضح رہے کہ علامہ اقبال نے ہندو تنگ نظری اور اِن کی مسلم دشمنی کے پیش نظر مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس الہ آباد 1930 ء میں پاکستان تصور مسلمانوں سامنے رکھا اور انگریز سر کار سے اِ س مطالبہ بھی کر دیا تھا۔ قائد اعظم 1930 ء میں لندن میں منعقد ہو نے والی گول میز کانفرنس میں شرکت کے لیے لندن گئے مگر پھر واپس نہیں آئے وہ ہندوستان کی سیاسی صورتحال ہند و مسلم اتحاد کی ناکامی خصوصاً مسلمانوں کے باہمی انتشار سے بد دل اور مایوس ہو گئے تھے۔

وہ 1930 ء سے1934 ء تک متواتر لند ن میں رہے اور یہیں بطور وکیل پریکٹس شروع کر دی تھی، اُنہوں نے تیسری گول میز کانفرنس میں بھی شر کت نہیں کی۔ یہاں علامہ اقبال نے اپنی ملاقاتوں میں اور خطو ط کے ذریعے قائداعظم کو قائل کیا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے ہندوستان میں صرف آپ کی شخصیت ایسی ہے جو مسلمانوں کو انگریز وں اور ہندوں کی غلامی سے نجات دلو ا سکتی ہے ، علامہ قبال نے ہندو مسلم اتحاد کی بنیاد پر مشترکہ ہندوستان کی آزادی کی آزادی اور خو دمختاری کے خواب کے بکھرجانے کے بعد قائد اعظم کو قائل کیا کہ مسلم اکثریت کو ایک الگ ملک حاصل کر کے پچا یا جا سکتا ہے۔ 1934 ء میں وہ اقبال اور دیگر مسلم رہنماؤں کے اصرار پر واپس ہندوسستان تشریف لائے مسلم لیگ کی دوبارہ قیادت سنھبالی، مسلم لیگ کو منظم اور مسلمانوں کو متحدہ کر نا شروع کیا ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }