امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔
ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جوہری خطرے کو روکنے کے لیے عالمی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سابق امریکی صدر جارج بش نہیں ہوں ، ایران کو جوہری طاقت بننے سے روکیں گے۔
دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران جوہری طاقت بن گیا تو وہ اپنے جوہری ہتھیار استعمال کرے گا، اسی لیے اسے یہ صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا ضروری ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے پاس تقریباً 4 ہزار جوہری ہتھیار ہیں جبکہ روس دوسرے نمبر پر ہے اور چین کے پاس تقریباً 600 جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے 10 سال میں چین جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں امریکا کے برابر ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پہلے دورِ صدارت میں امریکی جوہری ہتھیاروں کو اپ گریڈ کیا گیا اور نئے ہتھیار بھی بنائے گئے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بطور صدر میرے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ جوہری ہتھیاروں کی تعداد نصف کردی جائے یا دنیا کو ان ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنے کی کوشش کی جائے۔
ٹرمپ نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے اور اس کے پاس کسی ملک کے سربراہ کو گرفتار کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین نے بھی پہلی مرتبہ اس عدالت کی مذمت کرنے پر اتفاق کیا ہے۔