امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں ایک ثقافتی میلے میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک 15 سالہ لڑکا ہلاک جبکہ پولیس افسر سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق شہر کے شمالی حصے میں جہاں یہ واقعہ رونما ہوا ہے وہ صدارتی رہائش وائٹ ہاؤس سے دو میل سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق واقعہ یو اسٹریٹ کے علاقے میں پیش آیا ہے جس کی اطلاع ملنے پر میٹرو پولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ (ایم پی ڈی) فوراً حرکت میں آ گیا۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ موئچیلا کے دوران پیش آیا جو ایک میوزک فیسٹیول ہوتا ہے۔ اس میوزک فیسٹیول میں واشنگٹن ڈی سی کی ثقافت کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر فیسٹیول ختم کرا دیا۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔
میٹرو پولیٹن پولیس چیف رابرٹ کونٹی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں ایک پولیس اہلکار اور دو دیگر افراد شامل ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار شدید زخمی ہے جبکہ دیگر دو افراد کی حالت بہتر ہے۔ پولیس چیف کے مطابق فیسٹیول میں شریک افراد میں جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے بعد بھگدڑ مچنے سے بھی کچھ لوگ معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
Advertisement
MPD is responding to the area of 14th and U Street, NW, for a shooting incident in which multiple people have been shot, including an MPD officer. Media staging at 15th and U Street, NW. Chief Contee to provide a media briefing.
— DC Police Department (@DCPoliceDept) June 20, 2022
گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ پچھلے ماہ کی 24 تاریخ کو ٹیکساس کے ایک اسکول پر فائرنگ سے 19 بچوں سمیت 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح گزشتہ ماہ فائرنگ کے دیگر واقعات بھی پیش آئے جن میں کیلیفورنیا کی بفلو مارکیٹ اور ایک چرچ پر حملے بھی شامل ہیں۔
امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر صدر جو بائیڈن نے کہا تھا عوام کو تحفظ دینے کے لیے ملک میں ہتھیاروں پر پابندی لگانے کی ضرورت ہے۔