یاسر شاہ قومی ٹیم میں واپسی کے بعد پرفارمنس دینے کے لیے پر امید
راولپنڈی: لیگ اسپنر یاسر شاہ قومی ٹیم میں واپسی کے بعد پرفارمنس دینے کے لیے پر امید دکھائی دے رہے ہیں۔
راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی پر بہت خوش ہوں، نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں گزشتہ عرصے میں محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں وائٹ بال میں بھی پرفارمنس دی ہے اور ہر فارمیٹ میں کھیلنے کے لیے کوشش کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا سری لنکا میں پرفارمنس اچھی رہی ہے اور اپنی پرفارمنس پر اعتماد ہے، مشتاق احمد اور ثقلین مشتاق کے ساتھ اپنی گوگلی پر بہت کام کیا ہے۔
Advertisement
یاسر شاہ نے کہا کہ انجری سے واپسی کرنے پر وقت لگتا ہے لیکن پرفارمنس دینے کے لیے پر امید ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کم بیک کے بعد بابر اعظم سے بات چیت ہوتی رہتی ہے جس سے اعتماد ملتا ہے جبکہ کپتان نے کہا ہے کہ ایک لائن اور لینتھ پر گیند کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے یاسر شاہ کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جس کے لیے راولپنڈی میں کھلاڑیوں کا پریکٹس سیشن جاری ہے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے آج کھلاڑیوں نے جم کے تین گھنٹوں تک پریکٹس کی جس میں یاسر شاہ بھی شامل تھے۔