ایلپس پہاڑی سلسلے کے اطالوی حصے میں برفانی تودہ گرنے کے باعث کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ متاثرین کی تعداد کافی زیادہ ہو سکتی ہے۔
افسوسناک واقعہ اطالوی ایلپس کے ڈولومائٹس نامی علاقے میں پیش آیا۔ چند سیاحوں کی طرف سے بنائی گئی واقعے کی فوٹیج کے مطابق مارمولاٹا گلیشیئر کے ٹوٹنے کے بعد پہاڑی سے نیچے وادی کی طرف بڑے بڑے پتھروں اور برف کے ٹکڑوں کے گرنے کا شور سنائی دیا۔
اٹلی کے ہنگامی امدادی ادارے کی ترجمان مشیلا کینووا کا کہنا ہے کہ کئی سیاح رسیوں کی مدد سے گلیشیئر کی چوٹی پر پہنچنے کے لیے درمیانی گزرگاہ پر موجود تھے، جب برفانی تودہ ان سے آن ٹکرایا۔ ان میں سے کچھ برفانے تودے کے ساتھ نیچے گرتے ہوئے برف میں دب چکے ہیں۔
انہوں نے چھ افراد کی ہلاکت اور آٹھ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
کینووا کی جانب سے زخمیوں یا ہلاک ہونے والوں کی قومیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم اطالوی میڈیا نے بتایا کہ ان میں غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔
Advertisement
اس ضمن میں ایلپس ریسکیو حکام کی جانب سے ایک ٹول فری نمبر بھی جاری کیا گیا ہے، جس پر رابطہ کر کے لوگ اپنے گمشدہ دوست و احباب کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ ابتدائی امدادی کارروائیوں میں کئی ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا تاہم موسم کی خرابی کے سبب امدادی کارروائیاں جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
حادثرے کے بابت اطالوی وزیراعظم نے ٹویٹر پر متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ریسکیو ٹیموں کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ہیلی کاپٹروں کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے اور متاثرین کو جائے حادثہ سے محفوظ مقامات پر منتقل کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق ان کو متاثرین کی مدد کرنے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ زیادہ تر لاشیں برفانی تودے کے نیچے دب گئیں تھیں۔
علاواہ ازیں، ماہرین موسمیات کے مطابق ایلپس پر درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے ایسے واقعات مستقبل میں بھی رونما ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث پانی کی ایک بڑی مقدار اس گلیشیئر کے نیچے جمع ہو رہی ہے اور اسی کی وجہ سے ایسے واقعات مستقبل میں بھی پیش آ سکتے ہیں۔