قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی خیبر پختونخوا پولیس کے خیر سگالی سفیر مقرر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری نے سپر اسٹار کرکٹر کو ڈی ایس پی کے اعزازی رینک لگائے۔
بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے عوام کے لیے پولیس کی خدمات کو سراہا۔
22 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ میرے والد پولیس افسر تھے اور میرا بھائی بھی پولیس افسر ہے۔
سپر اسٹار پاکستانی فاسٹ باولرشاہین شاہ آفریدی خیبر پختونخوا پولیس کے گڈول ایمبیسڈر (خیر سگالی سفیر ) مقرر۔
Advertisement
چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہزاد خان بنگش اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری سپر اسٹار کرکٹر کو ڈی ایس پی کے اعزازی رینک لگا رہے ہیں۔ pic.twitter.com/epZv6u21yc
— KP Police (@KP_Police1) July 4, 2022
انہوں نے مزید کہا پولیس افسران اور دیگر سیکیورٹی اہلکار ہمارے ملک کے حقیقی ہیرو ہیں اور وہ ہر طرح کی عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔
خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی صرف 22 سال کی عمر میں نہ صرف پاکستان بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔ وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی 4 سالوں میں ہی سپر اسٹار بن چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی 18 سال کی عمر میں 3 اپریل 2018 کو کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے ون ڈے ڈیبیو 21 ستمبر 2018 میں افغانستان کے خلاف اور ٹیسٹ ڈیبیو 3 دسمبر 2018 کو نیوزی لینڈ کے خلاف کیا تھا۔