فضا میں لبیک اللھم لبیک، لبيك لا شريك لك لبيك، ان الحمد والنعمۃ لك والملك، لا شريك لك کی صدائیں بلند ہوگئیں، دنیا بھر سے 10 لاکھ حجاج کرام رکن اعظم ‘وقوف عرفہ’ آج ادا کریں گے۔
عازمین نے رات منیٰ میں قیام کیا جہاں انہوں نے ظہر، عصر، مغرب اورعشاء کی نمازیں ادا کیں تلاوت اور استغفار میں مصروف رہے۔
حجاج کرام 9 ذی الحجہ (آج) فجر ادا کرکے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گئے جہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔
10 لاکھ سے زائد عازمین آج حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے، خطبہ حج پاکستانی وقت کے مطابق 1 بجکر 40 منٹ پر دیا جائے گا۔
غروب آفتاب کے وقت اذان مغرب سے قبل حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ کیلئے روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ نماز عشاء کے وقت مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
Advertisement
عازمین مزدلفہ میں رات قیام کریں گے اور ساتھ رمی کے لیے کنکریاں جمع کریں گے اور فجر کی نماز ادا کرکے (رمی) یعنیٰ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے لیے جمرات روانہ ہوجائیں گے۔
اس کے بعد وہ قربانی کریں گے اور پھر حلق کروا کے احرام اتارکر اس کی پابندیوں سے آزاد ہوجائیں گے۔
حج کے موقع پرمکہ مکرمہ میں درجہ حرات 42 سینٹی گریڈ کی حد تک پہنچ گیا ہے، سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام میں لاکھوں چھتریاں تقسیم کی گئی ہیں، گرمی سے بچنے کیلئے بہت سے حجاج کرام نے ہاتھوں میں چھتریاں تھام لیں ہیں۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کے لیے وسیع تر انتظامات کیے گئے ہیں، یہ حج کورونا کے دو سال بعد وسیع پیمانے پر کیا جارہا ہے، اسی تناظر میں عازمین حج کی صحت سے متعلق بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔