بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمان صحافی، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیرکی عبوری ضمانت منظورکرلی ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمان صحافی، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیرکی عبوری ضمانت منظورکرلی ہے، ضمانت ملنے کے باوجود بھی محمد زبیر دارالحکومت نئی دہلی میں درج کی گئی ایک اور شکایت کی وجہ سے پولیس کی حراست میں رہیں گے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے دو ججوں پر مشتمل بینچ نے محمد زبیر کی پانچ دنوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے کسی بھی الیکٹرانک ثبوت کے ساتھ ٹوئٹ کرنے سے گریز کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت، صحافی محمد زبیر کو مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا
بھارتی میڈیا کے مطابق صحافی محمد زبیر کو دو الگ الگ مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے جو بالترتیب یوپی اور دہلی پولیس نے درج کیے ہیں، اور پانچ دن کی عبوری ضمانت صرف ایک مقدمے میں دی گئی ہے۔
Advertisement
عدالتی دستاویز کے مطابق بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش کے ضلع سیتا پور میں جون میں درج کی گئی ایک شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ محمد زبیر نے ہندو مذہبی رہنماؤں کے ایک گروپ کو ’نفرت پھیلانے والے‘ کے طور پر بیان کرکے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
خیال رہے کہ کہ آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کو پٹیالہ کی عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
محمد زبیر کو دہلی پولیس نے 2018 میں پوسٹ کی گئی ایک ٹوئٹ کے ذریعے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔