یورپ کو گیس کی فراہمی میں مزید کمی کی جا سکتی ہے، روسی صدر پیوٹن

53

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ نارڈ اسٹریم 1 بحال نہ ہونے سے یورپ کو گیس کی ترسیل میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایران اور ترکی کے صدور کے ساتھ سہ فریقی اجلاس کے دوران ایران میں کہی۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ چونکہ نارڈ اسٹریم 1 پائپ لائن سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کی وجہ سے مکمل طور پر فعال نہیں ہے اس لیے یورپ کو گیس کی فراہمی میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔ یہ گیس پائپ لائن براعظم یورپ تک روسی گیس کی ترسیل کا اہم ذریعہ ہے۔ بحیرہ بالٹک سے گزرتی ہوئی روس سے جرمنی تک جانے والی یہ پائپ لائن اس برس 24 فروری کو یوکرین پر روس کے حملے کے آغاز کے بعد سے شدید نگرانی کی زد میں ہے۔

نارڈ اسٹریم 1 یومیہ تقریباً 167 ملین کیوبک میٹر گیس ترسیل کرنے کی گنجائش رکھتی ہے تاہم روس کی سرکاری کمپنی گیزپروم نے گزشتہ ماہ اس کا حجم کم کرکے صرف 67 ملین کیوبک میٹر کر دیا تھا۔ یہ پائپ لائن فی الحال سالانہ مرمت اور دیکھ بھال کے لیے جمعرات تک بند ہے۔ صدر پیوٹن نے خبردار کیا کہ اگر مرمت کے لیے کینیڈا بھیجی گئی گیس ٹربائن جلد روس کو واپس نہ کی گئی تو اس ماہ کے آخر تک یومیہ گیس ترسیل کا حجم مزید کم ہو کر 33 ملین کیوبک میٹر تک ہو سکتا ہے۔

Advertisement

تہران میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر پیوٹن نے کہا کہ اس وقت دو ہی ٹربائنز ہیں جو یومیہ بنیاد پر کام کرتی ہیں، اگر ایک ٹربائن واپس نہ آئی تو ایک ہی رہ جائے گی جس کی گنجائش صرف 30 ملین کیوبک میٹر ہے۔ روسی صدر نے مزید کہا کہ ایک اور گیس پمپنگ ٹربائن 26 جولائی کو مرمت کے لیے بھیجی جانی ہے۔ روس پر عائد مغربی پابندیوں کے باعث یہ ٹربائن کینیڈا نے روک لی تھی تاہم جرمنی کی درخواست پر کینیڈا نے یہ ٹربائن جرمنی کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

صدر پیوٹن نے مزید خبردار کیا کہ مغربی ممالک نے روسی تیل کی قیمتوں کو محدود کرنے کا جو منصوبہ بنایا ہے اس سے عالمی منڈی مزید غیرمستحکم ہوگی اور قیمتوں میں اور بھی اضافہ ہوگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }