بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو جوئے کی کمپنی کے ساتھ اپنی شراکت داری کی پوسٹ سوشل میڈیا پر کرنا مہنگا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹار شکیب الحسن ایک بار پھر تنازع میں آگئے ہیں کیونکہ کرکٹ بورڈ ان کی جانب سے اسپورٹس بیٹنگ کمپنی کی توثیق کرنے والی ایک مبینہ سوشل میڈیا پوسٹ کی تحقیقات کرنے والا ہے.
بنگلہ دیش میں موجودہ قوانین کے مطابق جوئے سے متعلق کسی بھی قسم کی سرگرمی کی سہولت اور فروغ پر پابندی ہے۔
واضح رہے کہ 2019 میں آئی سی سی نے شکیب الحسن پر ایک بھارتی بک میکر کی جانب سے بدعنوانی کی اطلاع دینے میں ناکامی کے الزام میں ایک سال کی پابندی لگا دی تھی۔
Advertisement
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے شکیب الحسن کی جانب سے جوئے کی ایک کمپنی کے ساتھ اپنی شراکت داری کا اعلان کرنے والی ایک حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ کی تحقیقات کرے گا۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے اعلان کیا ہے کہ 12000 سے زیادہ رنز اور تقریباً 650 وکٹوں کے ساتھ تقریباً 400 بین الاقوامی میچوں کے تجربہ کار شکیب الحسن کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا۔
صدر نظم الحسن نے کہا کہ دو چیزیں ہیں، اول تو اجازت لینے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ ہم اجازت نہیں دیں گے۔ اگر سٹہ بازی سے متعلق کوئی چیز ہے تو ہم کوئی اجازت نہیں دیں گے، اور نہ ہی ہم سے کوئی اجازت نہیں لی۔
نظم الحسن نے کہا کہ دوسرا ہمیں یہ جاننا ہے کہ اس نے واقعی کوئی معاہدہ کیا تھا یا نہیں۔
بی سی بی کی گزشتہ روز ہونے والی میٹنگ میں ان کی سوشل میڈیا پوسٹ کی تحقیقات کے حوالے سے بات کی گئی ہے اور بقول بی سی بی صدر شکیب کو شوکاز نوٹس دیا جائے گا اور اس سے بازپرس کی جائے گی۔
Advertisement
نظم الحسن نے باور کرایا کہ یہ نہ صرف کرکٹ بلکہ ملک میں ممنوع ہے اور قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ہے۔ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے، اگر یہ سچ ہے تو بورڈ ضروری اقدامات کرے گا۔
Advertisement