برطانوی حکومت نے ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے حوالے سے آخری دیدار کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے والوں کو طویل انتظار کرنا ہوگا، اس حوالے سے حکومت نے دیدار کے خواہش مندوں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ملکہ کا بند تابوت ویسٹ منسٹر پیلس میں بدھ 14 ستمبر کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے سے 19 ستمبر شام ساڑھے پانچ بجے تک موجود رہے گا۔
توقع ہے کہ ہزاروں لوگ آنجہانی ملکہ کو خراج عقید ت پیش کرنا چاہیں گے۔ڈپارٹمنٹ آف ڈیجیٹل ، کلچر ، میڈیا اینڈ اسپورٹس نے اپنی گائیڈ لائنز میں کہا کہ اگر آپ ملکہ کو آخری خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تابوت کے پاس سے گزرنا چاہتے ہیں، تو نوٹ کر لیں کہ انتظار کے لیے قطار بہت طویل ہو گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے شہریوں کو کئی گھنٹے ممکن ہے پوری رات کھڑے ہو کر انتظار کرنا پڑے اور وہاں بیٹھنے کے انتظامات نہیں ہوں گے کیوں کہ قطار مسلسل چلتی رہے گی۔
Advertisement
ملکہ کا تابوت پارلیمنٹ کے ویسٹ منسٹر ہا ل میں ایک چبوترے پر رکھا جائے گا۔ وزار ت نے متنبہ کیا ہے کہ بڑا ہجوم متوقع ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں تاخیر اور علاقے کے ارد گرد سڑکیں بند ہو سکتی ہیں۔
منتظمین کے مطابق آخری دیدار کے لیے آنے والوں کو ایئر پورٹ اسٹائل کی سکیورٹی سے گزرنا ہوگا اور وہ اپنے ساتھ صرف ایک چھوٹا بیک لا سکتے ہیں، بڑے بیگز کو ایک مخصوص جگہ پر دکھایا جا سکتا ہے لیکن صرف اس صورت میں اگر جگہ دستیاب ہو۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ سیکیورٹی سے گزرتے ہوئے کھانے پینے کی کوئی چیز ، پھول یا عقیدت مندی کے اظہار کی چیزیں مثلاً موم بتیاں ، کھلونے یا فوٹو گراف ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق سکیورٹی سے گزرتے ہوئے اور ویسٹ منسٹر پیلیس کے اندر فوٹو کھینچنے ، موبائل فون یا دوسرے دستی آلات استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
اس کے علاوہ آتش بازی کا سامان ، ایش ٹریز ، سیٹیاں ، لیزر ڈیوائسز ، بینرز ، پلے کارڈز ، فلیگز ، اشتہار یا مارکیٹنگ کے پیغامات یا ایسی چیزیں جن سے کوئی پریشانی پیدا ہو سکے ،ساتھ لے جانے کی ممانعت ہو گی۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ برائے مہربانی تقریب کے تقدس کا احترا م کریں اور مناسب طرز عمل کا مظاہرہ کریں۔ مناسب لباس پہن کر آئیں اور سیکیورٹی سے گزرتے ہوئے اپنے فون بند رکھیں۔
Advertisement