بھارتی ٹیم کے آئندہ برس دورہ پاکستان کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) 2023 میں ایشیا کپ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم کا دورہ اس وقت کی حکومت کی منظوری سے مشروط ہو گا لیکن یہ یقینی طور پر بھارتی بورڈ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
رپورٹ میں بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار کا بیان بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے کہا ہے بھارتی ٹیم کا دورہ ہمیشہ کی طرح حکومت کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
پاکستان 2023 میں 50 اوور کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا جس کے فوراً بعد بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ شیڈول ہے۔
Advertisement
واضح رہے کہ بھارتی ٹیم نے 2008 کے بعد سے اب تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012 میں بھارت میں کھیلی گئی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ روز ایک بھارتی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2027 تک کسی دو طرفہ سیریز کا امکان نہیں ہے۔
Advertisement