ابوظبی، 8 جون،2020 (وام)۔۔ متحدہ عرب امارات میں مئی 2020 کے دوران ای کامرس بزنس سیکٹر کو سب سے زیادہ لائسنس جاری کیے گئے۔ نیشنل اکنامک رجسٹر کے اعداد و شمار کے مطابق متعلقہ حکام کے تعاون سے مئی 2020 میں ای کامرس ریٹیل کاروبار کے لئے 196 لائسنس جاری کیے گئے۔ سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران ای کامرس خدمات کے لئے صارفین کی مانگ میں 300 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے ٹیلی مواصلات ریگولیٹری اتھارٹی، ٹی آر اے کو اہم ای کامرس پلیٹ فارمز کی ایک فہرست شائع کرنا پڑی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عام تجارت کے کاروبار کو 120 لائسنس، پراجیکٹ منیجمنٹ سروسزکو 115 اور 97 کے لگ بھگ لائسنس عمارتوں کو رنگ کرنے کی سرگرمیوں کیلئے جاری کئے گئے۔ سب سے زیادہ جن کاروباری اداروں کو لائسنس جاری کئے گئے انکی فہرست میں ہر طرح کے تعمیراتی منصوبوں کے 55 لائسنس ہیں۔ اسی طرح توسیعی سامان اور بجلی کی تنصیبات کی مرمت و بحالی کے لئے 40، میٹھے کی تیاری کیلئے 39، سرد اور گرم مشروبات بیچنے والوں کے لئے 36 اور سنیک اسٹال اور نئے ریستورانوں میں سے ہر ایک کیلئے 33 لائسنس جاری کئے گئے۔ رواں سال مئی کے مہینے کے دوران ملک میں جاری لائسنسوں کی کل تعداد 764 تھی۔ کاروباری لائسنسوں کے اجراء میں اضافہ متوقع ہے اور توقع ہے کہ ای کامرس کا شعبہ اس میں سرفہرست رہے گا