چین کی معروف کار بنانے والی کمپنی چائنا ایور گرینڈ نیو انرجی وہیکل گروپ لمیٹڈ نے مارکیٹ میں پہلی الیکٹرک کار کی ترسیل کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق چین کی کمپنی نے اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ پر اعلان کیا ہے کہ ’ہینگ چی 5‘ نامی نئی الیکٹرک کار کی مارکیٹ میں ڈلیوری کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پہلے 100 صارفین آج اپنی کار حاصل کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکٹرک کار بنانے والی کار کمپنی چائنا ایور گرینڈ نیو انرجی وہیکل گروپ لمیٹڈ چین کی پراپرٹی دویلپر چائنا ایور گرینڈ گروپ کا ہی حصہ ہے جو اب ایک مقروض کمپنی کے طور پر جانی جاتی ہے۔
Advertisement
تفصیلات کے مطابق کمپنی نے الیکٹرک کار پلانٹ میں گاڑی کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہ پلانٹ گزشتہ ماہ چین کے شمالی شہر تیانجن میں لگایا گیا تھا۔
ایور گرینڈ کا مقصد اگلی دہائی میں گروپ کے بنیادی کاروبار کو رئیل اسٹیٹ سے آٹوموبائل وینچر میں منتقل کرنا ہے اور 2025 تک 10 لاکھ الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا منصوبہ ہے۔
ایور گرینڈ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمپنی 2023 کی پہلی ششماہی میں اپنے دوسرے ای وی ماڈل کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کرے گا جبکہ الیکٹرک کار سیریز کا تیسرا ماڈل اگلے سال کے آخر میں مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایور گرینڈ کی الیکٹرک اسپورٹ گاڑی کی قیمت تقریباً 55 لاکھ روپے ایکس فیکٹری ہے، جسے ٹیکس کے بعد الیکٹرک کار کے شوقین پاکستانی صارفین ایک کروڑ سے زائد قیمت ادا کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔