کوویڈ19کے بعد ایک بار پھر سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں کرسمس ڈے تقریب کاانعقاد
میسح برادری کے ساتھ اظہاریکجہتی
تقریب میں خوبصورت کرسمس کیک بھی کاٹاگیا
ابوظہبی(اردوویکلی)::سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی کی جانب سے کرسمس ڈے کی مناسبت سے ایک سادہ مگرپروقارتقریب کااہتمام کیاگیا۔ جس میں جنرل سیکرٹری پاکستان اقلیتی حقوق کمیشن پاکستان روحیل ظفر شاہی،پادری ناصر تاج ،پادری اختر مسیح کے علاوہ مختلف گرجاگھرکے پادریوں اوریواے ای میں مقیم پاکستانی مسیحی برادری اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ یاد رہے کہ 25 دسمبر کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ اسی دن قائداعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش بھی منایا جاتا ہے۔ کرسمس ڈے کی تقریب سے متحدہ عرب امارات میں سفیراسلامی جمہوریہ پاکستان جناب فیصل نیاز ترمذی نے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کا آئین قائد کے وژن کے مطابق پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے لیے آزادی اور تحفظات کا ضامن ہے۔ حکومت کی پالیسیاں اقلیتی برادریوں کو مساوی شہری کے طور پر قومی زندگی میں اپنا کردار ادا کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں۔ہمارے قومی پرچم میں سفید رنگ تمام شعبوں میں اقلیتوں کے کردار کی نمائندگی کرتا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں تمام لوگوں نےکردار ادا کیا ہے۔ ہم ایک کثیر العقیدہ، کثیر النسل معاشرہ ہیں۔ سفارت خانہ پاکستان بلا تفریق ہر ایک کے لیئے کھلا ہے
نہ صرف ہمارے مسیح بھائی بلکہ مسلمان دونوں یکساں طورپرحضرت مسیح موعود علیہ السلام کو عزت دیتے ہیں اور ان کی محبت، امن اور رواداری کی تعلیمات نہ صرف مسیحی برادری بلکہ پوری انسانیت کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔ ایک پرامن دنیا کے لیے محبت اور رواداری کے پیغام کو قبول کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے کی آج انتہائی ضرورت ہے”، اس موقع پرسفیرفیصل نیاز ترمذی نے مسیح برادری کی معروف شخصیات جسٹس اے آر کارنیلیس، کرنل ایس کے ٹریسلر، ایف ای چوہدری اور پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے دیگر کامیاب ممبران کی خدمات کو یاد کیا اور پاکستان کی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔اس موقع پرسیکریٹری جنرل پاکستان اقلیتی حقوق کمیشن پاکستان روحیل ظفرشاہی نے اظہارخیال کرتے ہوئے سفیرپاکستان اور دیگرافسران کاتقریب کے انعقادپرشکریہ اداکیاروحیل شاہی نے کہاکہ اس طرح کی تقریبات کے انعقادسے پوری دینا میں ایک مثبت پیغام جائیگاکہ ہم پاکستانی ایک ہی گلدستے میں سجے مختلف خوشبوؤں اور مختلف رنگوں کے پھول ہیں جوگلدستے کوجاذب نظربناتے ہیں حکومت پاکستان نے اقلیتوں کومکمل مذہبی آزادی دے رکھی ہے ملازمتوں میں بھی کوٹہ مختص کیاہواہے ہم ملکی ترقی میں اپنے مسلمان بھائیوں کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑے ہیں اس موقع پر پادری ناصرتاج اور پادری اخترمسیح نے میڈیانمائندگان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوویڈوباکی وجہ سے چرچ میں بڑی تقریبات منعقد نہیں ہوپائیں مگراب حکومت یواے ای کی بہترپالیسیوں کی بدولت زندگی کی رونقیں دوبارہ بحال ہورہی ہیں اب چرچ میں کرسمس اور دعائیہ تقریبات معمول کے مطابق شروع ہونے جارہی ہیں اور2سال بعد ہم پہلی باربغیرحفاظتی پابندیوں کے اکٹھے ہونگے خداہم سب کاحامی وناصر ہو آمین ۔تقریب کے آغازمیں روحیل ظفرشاہی ،پادری ناصرتاج اور پادری اخترمسیح نے سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی کوپھول پیش کیئے۔