
بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ایشیا کپ کا اہم میچ چھوڑ کر بھارت جانے کی وجہ بتا دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جسپریت بمراہ نے اپنی اہلیہ سنجنا کے ہاتھ کے ساتھ ایک نومولود بچے کے ہاتھ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
جسپریت بمراہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پیر کی صبح بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے جس کا نام ’انگد جسپریت بمراہ‘ رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز بمراہ کی سری لنکا میں موجود بھارتی اسکواڈ کو چھوڑ کر فوری طور پر بھارت چلے جانے کی خبر سامنے آئی تھی تاہم اس کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ جسپریت بمراہ اور سنجنا کی شادی 2021 میں ہوئی تھی۔
ایشیا کپ میں آج نیپال اور بھارت کی ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی، جس میں بمراہ شامل نہیں ہوں گے۔