
نیپالی کرکٹ ٹیم نے ایک ہی میچ میں کئی ریکارڈ بناکر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی تاریخ بدل دی۔
ایشین گیمز میں مینز ایونٹ کے دوران نیپالی کرکٹ ٹیم نے ٹی20 انٹرنیشنل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بناکر افغانستان کو نیچے دھکیل دیا ہے۔
اس میچ میں نیپال کے بیٹر دپیندرا سنگھ نے صرف 9 گیندوں پر 50 رنز بنا کر بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی کا عالمی ریکارڈ پاش پاش کر دیا۔
نیپال نے اسی دوران ایک میچ میں سب سے زیادہ 26 چھکوں کا ریکارڈ بھی بنایا اور افغانستان کے 22 چھکوں کا ریکارڈ توڑا۔
اس میچ میں نیپال کے کھلاڑیوں نے صرف تیز ترین نصف سنچری کا ہی نہیں بلکہ تیزی ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
نیپالی ٹیم حریف ٹیم منگولیا کو 273 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر بھی سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔
کرکٹ کی ریکارڈ بک کیسے تبدیل کی جاتی ہے؟ ایک ہی میچ میں کئی ریکارڈ توڑ کر اور بنا کر نیپال نے کرکٹ شائقین کو حیرت زدہ کر دیا۔
نیپالی کھلاڑی کشال ملا نے تیز ترین سنچری بنائی، تو اختتامی لمحات میں 9 گیندوں میں 8 چھکے لگا کر دپیندرا نے ناصرف تیز ترین نصف سنچری بنائی بلکہ اپنی ٹیم کے لیے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی بنادیا۔
واضح رہے کہ دپیندرا سنگھ نے ایک اوور میں تو نہیں مگر مسلسل چھ گیندوں پر چھ چھکے لگائے۔
انہوں نے 20 اوور میں 3 وکٹ پر 314 رنز بنائے اور افغانستان کا 2019ء کا آئرلینڈ کے خلاف بنایا 278 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔
خیال رہے کہ تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھارت کے یوراج سنگھ تھا، انہوں نے یہ ریکارڈ 2007ء میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کے خلاف بنایا تھا، اسی میچ میں انہوں نے لگاتار 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے۔
نیپالی بیٹر میچ میں صرف 10 گیندوں پر 52 رنز کی ناقابل شکست باری کھیلی، انہوں نے اس دوران 8 چھکے لگائے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 520 رہا، جو کسی بھی ٹی 20 اننگز میں شاندار ترین ہے۔
نیپالی ٹیم کے بیٹر کوشال مالا نے روہیت شرما اور ڈیوڈ ملر کی طرح ٹی 20 کرکٹ کی تیز ترین سنچری اسکور کی۔ بھارتی اور جنوبی افریقی کھلاڑیوں نے سنچری 35 گیندوں پر بنائی تھی۔
کوشال مالا نے صرف 34 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے اور 50 گیندوں پر 137 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 12 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
نیپالی ٹیم نے حریف منگولیا کو 41 رنز پر آؤٹ کیا اور 273 رنز سے ریکارڈ فتح بھی اپنے نام کرلی۔