
اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کے اطراف میں دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی علاقوں میں موجود کچھ فلسطینی جنگجوؤں سے جھڑپیں جاری ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ شمال میں کوئی لڑائی نہیں ہو رہی، کسی بھی صورتِ حال کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ اپنے تمام جنگجوؤں کی رہائی کے لیے اسرائیل کے ساتھ جنگی قیدیوں کے تبادلے پر غور کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال مشرق میں واقع اسرائیلی یہودی بستی سدیروت میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، یہودی بستی سدیروت میں لڑائی کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
القسام بریگیڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے جنگجوؤں نے غزہ کی پٹی کے گرد یہودی بستیوں میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنا لیا ہے، یہودی بستیوں میں حماس اور اسرائیلی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے اسرائیلی دھمکیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کسی بھی احمقانہ کارروائی کا منہ توڑ اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب لبنانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ حزب اللّٰہ نے اسرائیل کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا مشروط یقین دلایا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ حزب اللّٰہ کا کہنا ہے کہ لبنان سے چھیڑ خانی نہ ہوئی تو جنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔
اسرائیل کے سفر کیلئے ٹریول برطانویایڈوائزری
برطانیہ نے اسرائیل کے سفر کے لیے اپنے شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا غیر ضروری سفر نہ کیا جائے۔