
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز سے ملاقات کی اور کرکٹ سے متعلق اہم امور پر گفتگو کی۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق ذکا اشرف نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق، عاقب جاوید اور محمد یوسف سے ملاقات کی ہے۔
ذکا اشرف پاکستان کے سابق کرکٹرز کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر توجہ دے رہے ہیں، جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اسپیشلائزڈ کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
پی سی بی کے مطابق اسپیشلائزڈ کیمپ لگانے کا مقصد نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔
ملاقات کے دوران ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کی پاکستان کے لیے بڑی خدمات ہیں اور ان کا تجربہ بہت زیادہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ سابق کرکٹرز کے تجربے سے تمام شعبوں میں اچھے کرکٹرز پیدا کریں گے۔