
بھارت کی 1990ء کی دہائی کی نامور اداکاراؤں کے درمیان رقابت کا ایک قصہ سامنے آگیا۔
ماضی میں ان اداکاراؤں کے حریف ہونے سے متعلق متعدد افواہیں زیر گردش رہتی تھیں، تاہم اب ایک معروف ہدایتکار نے ماضی کا ایک قصہ سناتے ہوئے اس رقابت کی تصدیق کردی۔
عامر خان کی مشہور زمانہ فلم راجہ ہندوستانی کے ہدایتکار دھرمیش درشن نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ فلم میں کرشمہ کپور کی جانب سے نبھائے گئے آرتی سہگل کے کردار کی پیشکش پہلے جوہی چاولہ کو کئی گئی تھی۔
دھرمیش درشن نے 1993ء میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم لٹیرے میں جوہی چاولہ کو کاسٹ کیا تھا، فلم باکس آفس پر ہٹ رہی اسی وجہ سے وہ اپنی فلم راجہ ہندوستانی میں بھی انہیں ہی کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
انٹرویو کے دوران دھرمیش نے فلم کی کاسٹنگ کو لے کر جوہی چاولہ اور ان کے درمیان ہونے والے نوک جھونک کا بھی ذکر کیا جب انہوں نے راجہ ہندوستانی کے آرتی کے کردار کا فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ میں نشا چوہدری کے کردار سے موازنہ کیا جو مادھوری ڈکشٹ نے نبھایا تھا۔
دھرمیش درشن کا کہنا تھا کہ جب جوہی کو کردار سے متعلق بتایا تو انہوں نے جواب دیا ’آپ سورج برجاتیا (فلم ہم آپ کے ہیں کون کے ہدایتکار) نہیں ہیں‘، میں بھی انا رکھتا ہوں تو میں نے بھی جوہی سے کہہ دیا کہ ’آپ بھی مادھوری ڈکشٹ نہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ اس چھوٹی سی بات پر جوہی چاولہ نے فلم راجہ ہندوستانی کےلیے منع کردیا تھا، تاہم وہ ایک تعلیم یافتہ خاتون تھیں، اگلے دن انہوں نے مجھ سے واقعے پر مافی مانگی اور فلم سے متعلق دوبارہ بات چیت کا کہا۔
دھرمیش درشن کا کہنا تھا کہ جب وہ دوبارہ جوہی سے ملنے والے تھے تو اسی دن وہ پہلے کرشمہ سے ملے، انہیں فلم کا اسکرپٹ سنایا، جو انہیں پسند آیا جس کے بعد کرشمہ کا انتخاب کرلیا گیا جسے فلم میں مرکزی کردار نبھانے والے عامر خان نے بھی پسند کیا۔