ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانہ اوردبئی میں قونصل خانہ کا افتتاح

71
ابوظہبی(اردوویکلی)::متحدہ عرب امارات اوراسرائیل کے درمیان ستمبر 2020 میں تاریخی ابراہیمی معاہدوں پر دستخط کے بعد دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت بخشنے کے اقدام کے طورگزشتہ دنوں ابوظہبی میں اسرائیلی سفارت خانے کا باقاعدہ افتتاح 29 جون کو اسرائیل کے وزیر خارجہ یائیر لاپیڈ نے متحدہ عرب امارات کے پہلے دورے کے دوران کیا۔افتتاحی تقریب میں متحدہ عرب امارات کی وزیر ثقافت و امور نوجوانان نورہ بنت محمد الکعبی نے شرکت کی۔اس موقع پر اپنے ریمارکس میں دونوں وزراء نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے خطے کے دوسرے ملکوں کو خطے میں پائیدار امن کے لئے کام کرنے کی ترغیب دی ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ابوظبی میں اسرائیلی سفارت خانے کے افتتاح کے ساتھ ہم ترقی کے عمل کو مزید فروغ دیں گے اور تمام کلیدی شعبوں میں باہمی تعاون کے ذرائع کو وسیع کریں گے۔ اس کے نتیجے میں لوگوں کے مابین دوستی فروغ پائے گی اور خطے میں جدت اور ترقی کے کے دو مراکز کو جوڑنے میں مدد ملے گی۔ جبکہ دبئی میں بھی اسرائیل کے قونصل خانے کا افتتاح کیا گیا۔ اسرائیلی قونصل خانے کا افتتاح بھی اسرائیل کے وزیر خارجہ یائیر لاپیڈ نے ہی کیا۔ افتتاحی تقریب میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور ریموٹ ورک ایپلی کیشن کے وزیر مملکت عمر سلطان العلماء نے شرکت کی۔ اپنے استقبالیہ کلمات میں عمر سلطان العلماء نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی میں قریبی شراکت دار کے ذریعے  وباء کا مقابلہ کیا۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ دو طرفہ تبادلوں میں تیزی سے اس تعاون میں توسیع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میں واقع اسرائیلی قونصل خانہ متحدہ عرب امارات آنے والے اسرائیلی سیاحوں اور متحدہ عرب امارات سے اسرائیل جانے کے خواہشمند افراد کوضروری خدمات فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات کو متعدد شعبوں میں فروغ مل رہا ہے اور آنے والے دور میں ہم دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے اگلے مرحلے کا آغاز کریں گے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین باضابطہ طور پر تعلقات کے قیام اور گزشتہ سال کے ابراہیمی معاہدوں کے تناظر میں دونوں ممالک نے سیاسی، معاشی، اور ثقافتی شعبوں کے ساتھ صحت، ٹیکنالوجی، تعلیم، سرمایہ کاری، سیاحت اور ہوا بازی کے ساتھ ساتھ سفارتی اور قونصلر رابطوں کو بھی فروغ دیا ہے
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }