سعودی عرب میں عطرالکلام (کلام کی خوشبو) کے عنوان سے منعقدہ حسن قرات اور اذان کے مقابلوں کے فاتحین کو 12 ملین ریال کے خطیر انعامات سے نوازا گیا ہے۔
سعودی محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی ال الشیخ نے حسن قرات اور اذان کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ترکی ال الشیخ نے قرات اور اذان کے مقابلوں کی سرپرستی پر فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
مقابلے کے آخری دن مراکش کے یونس مصطفیٰ غربی کو حسن قرات کے مقابلے میں 5 ملین ریال کا پہلا انعام دیا گیا۔ دوسری پوزیشن برطانیہ کے محمد ایوب آصف نے حاصل کی، انہیں 20 لاکھ ریال کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
تیسری پوزیشن بحرین کے محمد مجاہد نے حاصل کی جنہیں 10 لاکھ ریال کا انعام دیا گیا جبکہ چوتھی پوزیشن ایران کے سید جاسم موسوی نے حاصل کی اور انہیں پانچ لاکھ ریال انعام دیا گیا۔
اذان کے بین الاقوامی مقابلے میں ترکی کے محسن کارا کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر 20 لاکھ ریال اور بیجان جلیک کو دوسری پوزیشن پر دس لاکھ ریال کا انعام دیا گیا ہے۔
تیسری پوزیشن سعودی نوجوان عبدالرحمٰن بن عادل نے حاصل کی جنہیں 5 لاکھ ریال کا انعام دیا گیا۔ چوتھی پوزیشن بھی سعودی نوجوان انس الرحیلی نے حاصل کی جنہیں ڈھائی لاکھ ریال انعام دیا گیا۔
ترکی ال الشیخ نے اعلان کیا کہ حسن قرات اور اذان کے مقابلے آئندہ سال بھی ہوں گے جن میں دنیا بھر سے امیدواروں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
بین الاقوامی مقابلے کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی 13 ماہرین پر مشتمل تھی۔ ان میں مسجد الحرام و مسجد نبویﷺ کے آئمہ کرام اور مؤذن حضرات کے علاوہ دنیا کے معروف قاری بھی شامل تھے۔