واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ الہان عمر پاکستان میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کررہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس سے پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے کانگریس وومن الہان عمر کی عمران خان سے ملاقات پر سوالات کیے اور پوچھا کہ کیا الہان عمر پاکستان میں بائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی کر رہی ہیں؟۔
جس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے جواب دیا کہ الہان عمر کے پاکستان میں موجودگی سے آگاہ ہیں، الہان عمر پاکستان میں جوبائیڈن انتظامیہ کی نمائندگی نہیں کر رہیں
صحافی نے دوبارہ سوال کیا کہ کیا الہان عمر کی عمران خان سے ملاقات پر تبصرہ کریں گے۔
اس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائسن نے کہا کہ الہان عمر کی عمران خان سے ملاقات پر کانگریس وومن کے دفتر سے رابطہ کیجیے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی۔
اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے افغانستان میں بم دھماکوں اور جانی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ افغاستان میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے شمالی صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف شہر میں ایک مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
خیال رہے کہ دوروز قبل کابل کے ایک اسکول میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکوں میں سینکڑوں بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔