کراچی کے ضلع ویسٹ کی پولیس نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے حوالے سے بزنس پارٹنر کی فوڈ چین پر چھاپہ مار کر برانچ کو سیل جبکہ لائنس یافتہ پستول تحویل میں لے لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی ویسٹ زون کراچی عرفان علی بلوچ کے مطابق ویسٹ پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھردے کی فوڈ چین کی برانچ کو سیل کر کے وہاں سے اہم ریکارڈ ضبط اور اسلحہ تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد کیے گئے پستول کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا جبکہ پارٹنر کی فوڈ چین کی نارتھ ناظم آباد میں واقع ایک برانچ سربمہر کر دی گئی ہے اور ریسٹورنٹ برانچ کا متعلقہ ریکارڈ بھی ضبط کرکے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ واقعے سے متعلق شواہد اور حاصل کردہ ریکارڈ کی روشنی میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس ہوا تھا جس میں میر رضا کے والد کا بیان ریکارڈ کیا گیا جبکہ اہل خانہ نے اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کچھ شواہد بھی فراہم کیے تھے۔