ایک دہائی سے زائد عرصے تک کینیا پر حکمرانی کرنے والے مشرقی افریقہ کے اہم لیڈر سابق صدر موائی کیباکی 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سابق صدر موائی کیباکی 2002 میں کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد زیادہ تر اپنا وقت گھر پر ہی گزارتے تھے۔
موائی کیباکی نے افریقی ملک کینیا پر ایک دہائی سے زیادہ تک حکمرانی کی، سرکاری سطح پر ان کی موت کی وجوہات کا اعلان نہیں کیا گیا۔
کینیا کے سابق صدر موائی کیبانی کے انتقال پر موجودہ صدر یوہورو کینیاٹا نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ بحیثیت ملک و قوم ہم ایک عظیم لیڈر سے محروم ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر موائی کیباکی نے کینیا کے تیسرے صدر کی حیثیت خدمات انجام دی اور دسمبر 2002 سے 2013 تک ملک پر حکومت کی۔
موائی کیباکی کے دور حکومت میں کینیا کے 2007 کے انتخابات کے دوران ملک کے بدترین فسادات ہوئے تھے جس میں 11 سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر کیباکی نے افریقی ممالک کی نسبت کینیا کی معیشت کو مضبوط کیا، بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے متعدد منصوبے متعارف کرائے اور صحت و تعلیم کے شعبوں کو فروغ دیا۔