اولمپکس کونسل آف ایشیا نے چین میں کورونا وائرس کےپھیلاؤ کودیکھتے ہوئے رواں سال ہونے والے ایشین گیمزکوملتوی کردیاہے۔
اولمپکس کونسل کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایگزکٹو بورڈ، ایشیائی گیمزکمیٹی اوراعلی چینی حکام کی مشاورت کے بعد ہینگ ژو میں ہونے والے انیسویں ایشین گیمز اور ایشین یوتھ گیمز کو ملتوی اور منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اولمپک کونسل آف ایشیا نے بھی ایشین گیمز کو ملتوی کرنے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جب کہ دسمبر میں منعقد ہونے والے ایشین یوتھ گیمز کو منسوخ کرکے اس کی میزبانی تاشقند کو دے دی گئی اور اب 2025 میں نئے مقام پر ان گیمز کا انعقاد کیا جائے گا۔
چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان گیمز کو رواں سال 10 تا 25 ستمبر تک منعقد کیا جانا تھا۔ تاہم چین میں کورونا نے دوبارہ سراٹھانا شروع کردیا ہے اور ملک کے مختلف شہروں میں اس کے پھیلاؤو کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے اسلام آباد، لاہوراور پاکستان کے مختلف شہروں میں کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں ایتھلیٹس کو تربیت دی جاری ہے۔