رمیز راجہ کی بابر اعظم کو جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کی ہدایت
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پیر کو سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے قبل چیئرمین پی سی بی اور کپتان بابر اعظم کی ملاقات ہوئی جس میں قومی ٹیم کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق میٹنگ میں دورہ سری لنکا کے اسکواڈ کے حوالے سے چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے بھجوائے جانے والی فہرست میں موجودہ چند ناموں پر مشاورت کی گئی۔
میٹنگ میں اسکواڈ کے حوالے سے کی گئی مشاورت میں یاسر شاہ اور شان مسعود کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کا معاملہ بھی زیر غور آیا تھا۔
Advertisement
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے قومی ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور بابر اعظم کو مثبت اور جارحانہ کرکٹ کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت کیں۔
علاوہ ازیں اس میٹنگ میں مڈل آرڈر سمیت قومی ٹیم کے مسائل اور ان کے حل پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم نے اگلا دورہ سری لنکا کا کرنا ہے جس کے شیڈول اور قومی اسکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جس میں یاسر شاہ کی واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کے اسکواڈ میں بابر اعظم کو کپتان اور محمد رضوان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف اور فواد عالم کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اسکواڈ میں حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور شان مسعود کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 16 جولائی سے گال میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں کھیلا جائے گا اور سیریز سے قبل تین روزہ پریکٹس میچ بھی ہوگا۔
قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے 6 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ 25 جون کو راولپنڈی میں رپورٹ کرے گا اور 26 جون سے ٹریننگ کیمپ کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔