لاہور: کپتان بابراعظم نے امام الحق کے ہمراہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ شروع کردی ہے۔
بابر اعظم پاکستان کیمپ شروع ہونے سے پہلے ہی ٹریننگ کرنے پہنچ گئے، انفرادی ٹریننگ کے کیے اوپنرامام الحق بھی ان کے ہمراہ ہو تے ہیں۔
ٹریننگ کے دوران اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم نے باؤنس کے ساتھ بیٹنگ پریکٹس کرائی۔
امام الحق کو وہاب ریاض نے بولنگ کی، بابر اعظم اور امام الحق کو تھرو ڈاون کے ساتھ بھی پریکٹس کرائی گئی۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہو گی۔
Advertisement
خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان کے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
لیگ اسپنر یاسر شاہ اور آل راؤنڈر سلمان علی آغا کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہوگئے۔
پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ اور نعمان علی شامل ہیں۔
اسی طرح سلمان علی آغا، سرفرازاحمد، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 16 جولائی سے کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیسٹ اسکواڈ 6 جولائی کو سری لنکا روانہ ہوگا جبکہ سیریز کی تیاریوں کے لیے کیمپ 26 جون سے راولپنڈی میں لگایا جائے گا۔