سی پی ایل 2026 کے افتتاحی میچ میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا فالکنز نے دلچسپ مقابلے کے بعد جمیکا کنگزمن کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
فالکنز نے 168 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا تاہم میچ کے اختتام پر مقابلہ سنسنی خیز ہوگیا تھا۔
کنگزمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز بنائے۔ اوپنر ریزا ہینڈرکس نے 25 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روومن پاول نے 37 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔
فالکنز کی جانب سے الزاری جوزف نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں فالکنز ایک موقع پر آسانی سے کامیابی کی جانب بڑھ رہے تھے اور آخری اوور میں صرف 6 رنز درکار تھے اور 4 وکٹیں باقی تھیں۔
تاہم جمیکا کنگزمین کے نوجوان فاسٹ بولر حنین شاہ نے ابتدائی 2 گیندوں پر 3 رنز دینے کے بعد اگلی 2 گیندوں پر مسلسل 2 وکٹیں حاصل کرکے جیت کی امید روشن کردی۔
آخری گیند پر جب 2 رنز درکار تھے تو حنین شاہ نے بلاک ہول میں گیند کرکے بیٹر کو بڑا شاٹ لگانے سے روکا تاہم لانگ آن پر موجود کپتان رومن پاول سے مس فیلڈ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فالکنز نے مطلوبہ 2 رنز مکمل کرکے کامیابی حاصل کرلی۔