مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی ایک نئی مثال قائم کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر کشمیر کی وادی کے ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج نےدر اندازی کرتے ہوئے سرچ آپریشن کی آڑ میں چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ بچوں اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اس کے ساتھ ساتھ گھر میں موجود خواتین کو ہراساں بھی کیا۔
سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے نوجوانوں کو کٹھ پتلی بھارت نواز انتظامیہ نے عسکریت پسند ظاہر کرنے کی ناکام کی کوشش کی۔
دریں اثناء، شہداء کے لواحقین اور اہل محلہ نے قابض بھارتی فوج کے جبر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے۔
Advertisement
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
یاد رہے، گزشتہ ماہ حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی عدالت نے جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی۔ جس کے بعد سے بھارتی فوج نے اپنی کارروائیوں کو تیز کردیا ہے اور تاحال 30 کے قریب نوجوانوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔