امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے سوشل میڈیا پر انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے یہ اعلان کیا کہ وہ مشہور ترین انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے جارہے ہیں، ان کی ٹوئٹ کے بعد یہ بات سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی اور صارفین اس پر تبصرے کررہے ہیں۔
ایلون مسک کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ پر چند ہی گھنٹوں میں 5 لاکھ 73 ہزار سے زائد لوگوں نے صرف ٹوئٹر پر اس پوسٹ کو لائک کیا جبکہ 1 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بار ان کی ٹوئٹ کو ری ٹویٹ کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کے اعلان کو خوب پسند کیا گیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد ایلون مسک کی ایک اور ٹوئٹ سے صارفین میں مایوسی چھا گئی جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔
اپنے اعلان سے کچھ دیر بعد ہی ایلون مسک نے فٹبال کلب خریدنے کی تردید بھی کردی، انہوں نے ایک صارف کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا آپ کلب خریدنے میں سنجیدہ ہیں؟، کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کا اعلان مذاق ہے اور وہ کھیلوں کی کوئی ٹیم نہیں خرید رہے۔
Advertisement
ان کا کہنا تھا کہ اگر میری کوئی ٹیم ہوتی تو وہ مانچسٹر یونائیٹڈ ہی ہوتی، مانچسٹر بچپن سے ہی میری پسندیدہ ٹیم ہے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک کے کلب کو خریدنے کے اعلان کے بعد انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے شیئرز 17 فیصد تک بڑھ گئے، تاہم بعد ازاں ان کی جانب سے تردید کے بعد اس میں کمی بھی ہوگئی۔
Advertisement